شہزادہ چارلس نے پوتوں کی رنگت سے متعلق الزامات مسترد کردیے

اپ ڈیٹ 30 نومبر 2021
جوڑے کو دو بچے ہیں—فائل فوٹو: ٹوئٹر
جوڑے کو دو بچے ہیں—فائل فوٹو: ٹوئٹر

ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کے بڑے بیٹے شہزادہ چارلس نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی اپنے چھوٹے پوتوں یعنی شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے بچوں کی رنگت سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق شہزادہ چارلس کے ترجمان نے بارباڈوس میں صحافیوں کے پوچھے گئے سوالوں پر واضح کیا کہ ملکہ ایلزبتھ دوئم کے بڑے صاحبزادے نے اپنے پوتوں کی رنگت سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔

شہزادہ چارلس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان سے متعلق کتاب میں کیے گئے دعووں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، انہوں نے کبھی بھی شہزادہ ہیری کے بچوں کی رنگت یا شکل و صورت سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔

شہزادہ چارلس کے ترجمان کی وضاحت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کہ حال ہی میں خبریں سامنے آئی تھیں کہ جلد شائع ہونے والی کتاب (Brothers And Wives: Inside The Private Lives of William, Kate, Harry and Meghan) میں اس بات کا ذکر ہے کہ شہزادہ چارلس نے اپنے پوتوں کی رنگت سے متعلق باتیں کیں۔

شاہی جوڑے کے انٹرویو کو 7 مارچ کو امریکا اور 8 مارچ 2021 کو برطانیہ میں نشر کیا گیا تھا—فوٹو: اے پی
شاہی جوڑے کے انٹرویو کو 7 مارچ کو امریکا اور 8 مارچ 2021 کو برطانیہ میں نشر کیا گیا تھا—فوٹو: اے پی

رپورٹ میں دوسری شوبز ویب سائٹ کی خبر کا حوالہ دیا گیا کہ کتاب کے لکھاری کرسٹوفر اینڈرسن نے دعویٰ کیا ہے کہ شہزادہ چارلس نے سوال کیا تھا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے بچے کس طرح کے ہوں گے؟

اسی حوالے سے ’پیج سکس‘ نے بتایا کہ کتاب کے لکھاری کرسٹوفر اینڈرسن نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بتایا کہ کتاب میں شہزادہ چارلس کی جانب سے میگھن مارکل کے بچوں کی رنگت اور خدو خال سے متعلق اٹھائے گئے خدشات کی باتیں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بچوں کی رنگت سے متعلق باتیں کی گئیں، میگھن مارکل کا دعویٰ

لکھاری کا کہنا تھا کہ بطور دادا شہزادہ چارلس نے اپنے پوتوں کی رنگت و خدوخال سے متعلق باتیں کیں مگر وہ باتیں بچوں کی پیدائش سے بہت قبل کی گئیں۔

رائٹرز کے مطابق کتاب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جب شہزادہ ہیری نے میگھن مارکل سے منگنی کی تھی تب شہزادہ چارلس نے اپنی اہلیہ کمیلا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان دونوں کے بچے کیسے ہوں گے یا ان کی رنگت کس طرح کی ہوگی؟ جس پر ان کی اہلیہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا تھا کہ ان کے بچے بہت ہی پیارے ہوں گے۔

جوڑے کے ہاں پہلے بیٹے آرچی کی پیدائش مئی 2019 میں ہوئی تھی—فائل فوٹو: اے پ
جوڑے کے ہاں پہلے بیٹے آرچی کی پیدائش مئی 2019 میں ہوئی تھی—فائل فوٹو: اے پ

مذکورہ کتاب کو جلد ہی فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا، تاہم اطلاعات کے مطابق کتاب میں یہ واضح نہیں ہے کہ وہ شخص کون تھا جس پر میگھن مارکل نے ایک انٹرویو میں الزام لگایا تھا کہ شاہی خاندان کے ایک سینیئر فرد نے ان کے بچوں کی رنگت سے متعلق باتیں کیں۔

مزید پڑھیں: ہیری اور میگھن مارکل کا بیٹا ’شہزادہ‘ کیوں نہیں بن سکتا؟

میگھن مارکل نے شوہر شہزادہ ہیری کے ہمراہ ٹی وی اسٹار اوپرا ونفرے کو مارچ 2021 میں دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ شاہی محل نے 2019 میں ان کے ہاں پیدا ہونے والے بیٹے ’آرچی‘ کو شہزادے کا لقب دینے سے انکار کیا جب کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش سے قبل ہی ان کی رنگت سے متعلق چہ مگوئیاں شروع کی گئی تھیں۔

انٹرویو میں میگھن مارکل نے بتایا تھا کہ شاہی محل میں نسلی امتیاز کا نشانہ بننے، بیٹے کو شہزادہ نہ بنائے جانے اور برطانوی میڈیا میں من گھڑت خبروں کی اشاعت کے بعد مدد مانگے جانے پر شاہی محل کی جانب سے انکار کے باعث وہ ذہنی مسائل کا شکار ہوئیں اور انہوں نے خودکشی کرنے کا بھی سوچا تھا۔

بعد ازاں میگھن مارکل کے انٹرویو پر شاہی محل کی جانب سے جاری بیان میں ان کی باتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ شاہی محل جوڑے کو پہنچنے والی تکالیف کے درد کا احساس رکھتا ہے۔

اور اب شہزادہ چارلس کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ شہزادے نے کبھی بھی اپنے پوتوں کی رنگت سے متعلق باتیں نہیں کیں۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے مئی 2018 میں شادی کی تھی ، ان کے ہاں پہلے بیٹے ’آرچی‘ کی پیدائش مئی 2019 میں جب کہ دوسری بیٹی للی بیٹ 'للی' ڈیانا ماؤنٹ بیٹن ونڈسر کی پیدائش جون 2021 میں ہوئی تھی۔

شہزادہ چارلس کے ترجمان نے الزامات کو مسترد کردیا—فائل فوٹو: رائٹرز
شہزادہ چارلس کے ترجمان نے الزامات کو مسترد کردیا—فائل فوٹو: رائٹرز

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں