او آئی سی اجلاس: اسلام آباد میں موبائل سروس بحال رہے گی، شیخ رشید

اپ ڈیٹ 17 دسمبر 2021
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بھی او آئی سی کےاجلاس سے خطاب 
 کریں گے — فوٹو: ڈان نیوز
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بھی او آئی سی کےاجلاس سے خطاب کریں گے — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے تاریخی اجلاس کے دوران دارالحکومت میں موبائل فون سروسز بحال رہے گی جبکہ ہفتہ اور پیر کو اسلام آباد میں چھٹی ہوگی۔

اسلام آباد میں سیف سٹی کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 40 سال بعد او آئی سی کے ورزائے خارجہ کی تاریخی کانفرنس ہونے جارہی ہے جو تین روز جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ اور تمام فورسز نے فیصلہ کیا ہے موبائل فون سروس بند نہیں کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد انتظامیہ اور وزارت داخلہ نے ہفتہ اور پیر کو مقامی سطح پر چھٹی کا اعلان کیا ہے، تاہم سیکریٹریٹ ڈویژن پیر کی چھٹی کے حوالے سے فیصلہ تبدیل کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اوآئی سی وزرائے خارجہ اجلاس، شرکت کیلئے وفود کی آمد کل سےشروع ہوگی، وزیرخارجہ

شیخ رشید نے کہا کہ پاک فوج، سول فورسز، اسلام آباد اور راولپنڈی کی پولیس سمیت تمام ادارے تعاون کر رہے ہیں، ہم اپنے مہمانوں کا خاص خیال رکھیں گے، ہماری کوشش ہے کہ ان کی خدمت اور سیکیورٹی میں کسی قسم کی کمی نہ ہو۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ او آئی سی کے 57 اراکین ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفد تاریخی اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ وزیر اعظم عمران خان بھی تاریخی اجلاس سے خطاب کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے اور وہاں موجود مسائل کو حل کرنے میں یہ کانفرنس تاریخی کردار ادا کرے گی، چالیس سال قبل بھی افغانستان کے مسئلے پر پاکستان نے او آئی سی اجلاس کی میزبانی کی تھی۔

انہوں نے سیکیورٹی کے باعث شہریوں کو درپیش مسائل کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس ریڈ زون میں کی جارہی ہے اور اس میں بین الاقوامی وزرائے خارجہ شرکت کریں گے اس لیے سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: افغانستان سے رابطہ ختم کرنا دنیا کیلئے ‘خطرناک’ ہوگا، وزیراعظم عمران خان

ٹی ٹی پی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے جو بھی پیش رفت ہوگی وزارت اطلاعات آگاہ کرے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر داخلہ نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے کہا تھا کہ 17 سے 19 دسمبر کو اسلام آباد کے متعلقہ علاقوں میں موبائل سروس بند رکھی جائے۔

پولیس نے بتایا کہ اس کانفرنس میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلام آباد کے ریڈی زون سیل کردیا جائے گا تاہم یہاں غیر متعلقہ افراد اور عام شہریوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ریڈ زون میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے جائیں گے، اس دوران فوجی دستے بھی سیکیورٹی کی ذمہ داریوں پر مامور ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان کو ہر ممکن انسانی امداد فراہم کریں گے، وزیر اعظم

15 دسمبر کو دفتر خارجہ میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پیر کو اسلام آباد میں چھٹی ہوگی۔

ایک ٹوئٹ میں وزیر داخلہ نے تصدیق کی تھی کہ موبائل فون سروس معطل رہے گی، تاہم بعد ازاں شیخ رشید نے کہا کہ معاملے پر مشاورت جاری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں