ولیمے کی تقریب سے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کا اختتام

18 دسمبر 2021
دونوں کی شادی کا استقبالیہ 15 دسمبر کو اسلام آباد میں ہوا تھا—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کی شادی کا استقبالیہ 15 دسمبر کو اسلام آباد میں ہوا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

ولیمے کی تقریب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کا اختتام ہوگیا۔

جنید صفدر کے ولیمے کی تقریب 17 دسمبر کو لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیاستدانوں سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما، سماجی و شوبز شخصیات نے شرکت کی۔

ولیمے کی تقریب کی وائرل ہونے والی تصاویر میں مریم نواز کو چچا شہباز شریف اور کزن حمزہ شہباز کے ساتھ بھی خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ساتھ ہی جنید صفدر اور ان کی اہلیہ عائشہ سیف خان کی رومانوی ویڈیوز اور تصاویر بھی خوب وائرل ہو رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر رشتہ ازدواج میں بندھ گئے

ولیمے کے دوران جنید صفدر اور عائشہ سیف نے ہلکے رنگوں کے لباس کا انتخاب کیا جب کہ مریم نواز بھی دیدہ زیب لباس میں دکھائی دیں۔

ولیمے سے قبل دونوں کی شادی کا استقبالیہ 15 دسمبر کو اسلام آباد میں ہوا تھا، دونوں نے رواں برس اگست میں لندن میں نکاح کیا تھا۔

جنید صفدر اور عائشہ سیف خان کی شادی کی تقریبات کا آغاز 12 اور 13 دسمبر کی درمیانی شب سے اسلام آباد میں ہوا تھا۔

دونوں کی مہندی اور مایوں کی تقریب سمیت جنید صفدر کی جانب سے بارات لے جانے اور استقبالیے کی ویڈیوز اور تصاویر بھی خوب وائرل ہوئی تھیں۔

بیٹے کی شادی کے موقع پر سب سے زیادہ تعریفیں مریم نواز کی گئیں اور ان کے لباس سمیت ان کے میک اپ اور انداز کو سراہا گیا۔

شادی کے استقبالیے پر مریم نواز نواسے کو سنبھالتی دکھائی دیں اور انہوں نے نواسے کے ہمراہ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔

نواسے کے ہمراہ مریم نواز کی تصاویر وائرل ہونے پر انہیں ’دنیا کی خوبصورت ترین نانی‘بھی قرار دیا گیا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Khalid H. Khan Dec 18, 2021 04:58pm
چلو جی اچھا ہوا کہ یہ کام تو ختم ہوا ہاہاہاہاہا