پی ایس ایل 7: سلطانز کی مسلسل دوسری فتح، قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست

29 جنوری 2022
----فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
----فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
فخرزمان نے 76 رنز کی اننگز کھیلی--فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
فخرزمان نے 76 رنز کی اننگز کھیلی--فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک پانچ میچز کھیلے گئے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک پانچ میچز کھیلے گئے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے شان مسعود اور کپتان محمد رضوان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز کو ایک اچھے مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی.

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے پی ایس ایل کے تیسرے میچ کا ٹاس ملتان سلطانز نے جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

فخرزمان اور عبداللہ شفیق نے قلندرز کو 8 اوورز میں 89 رنز کا شان دار آغاز فراہم کیا اور جارحانہ بیٹنگ کی۔

عبداللہ شفیق آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جنہوں نے 22 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے اور عمران طاہر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

فخرزمان نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور نصف سنچری بھی مکمل کی تاہم 12 ویں اوور کی آخری گیند پر اس وقت آؤٹ ہوئے جب ٹیم کا اسکور 117 رنز تھا۔

تجربہ کار اوپنر نے 35 گیندوں کا سامنا کیا، 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے۔

محمد حفیظ 12 گیندوں کا سامنا کرکے 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے اور اس وقت ٹیم اسکور 147 تھا۔

قلندرز کے کامران غلام نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور 31 گیندوں پر 43 رنز بنا کر ڈیوڈ ولی کی وکٹ بن گئے جبکہ مجموعی اسکور 169 رنز تھا۔

شاہنواز دھانی نے ملتان سلطانز کو پانچویں وکٹ 188 کے اسکور پر حاصل کی۔

ڈیوڈ ویزے اور راشد خان آخری اوور میں برق رفتاری سے رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 206 رنز تک پہنچایا۔

راشد خان نے 4 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر 17 رنز بنائے۔

ویزے نے 5 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 13 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز نے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ آغاز کیا، شان مسعود اور کپتان محمد رضوان نے نصف سنچریاں بنائیں اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن دلائی۔

شان مسعود نے 83 رنز کی شان دار اننگز کھیلی اور اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں راشد خان کی گیند کو سمجھ نہ سکے اور وکٹیں گنوا بیٹھے۔

محمد رضوان نے 42 گیندوں پر 69 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور شاہین شاہ آفریدی نے ان کو بولڈ کردیا تاہم ٹیم کا اسکور 17 ویں اوور میں 168 رنز تک پہنچایا۔

حارث رؤف نے رلی روسو کی وکٹ حاصل کی۔

قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 19 ویں اوو میں نپی تلی باؤلنگ کی اور ٹم ڈیوڈ کی وکٹ حاصل کی.

شاہین نے صہیب مقصود کی اہم وکٹ بھی حاصل کی، جن کا کیچ محمد حفیظ نے تھام لیا۔

سلطانز نے 19 اوورز میں5 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنا لیے تھے اور آخری اوور میں جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے اور سامنے نئے آنے والے بلے باز خوشدل شاہ تھے۔

خوشدل شاہ نے حارث رؤف کے آخری اوور کی ابتدائی تین گیندوں پر مسلسل چوکے رسید کیے اور چوتھی گیند پر چھکا مار کر ٹیم کو 5 وکٹوں کی شان دار فتح دلائی.

جمعرات سے شروع ہونے والے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن ملتان سلطانز نے محمد رضوان کی قیادت میں اپنا کامیاب آغاز کیا تھا اور کراچی کنگز کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

لاہور قلندرز آج اپنا پہلا میچ کھیل رہی تھی اور رواں ایڈیشن میں ٹیم کی قیادت نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اس سے قبل پانچ میچز کھیلے گئے تھے جن میں سے 3 میں ملتان نے اور 2 میں لاہور نے کامیابی حاصل کر رکھی تھی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 7: دفاعی چیمپیئن سلطانز کا کامیاب آغاز، کنگز کو شکست

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسوو، ٹِم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، ڈیوڈ وِلی، عمران خان، شاہنواز دھانی، عمران طاہر اور احسان اللہ

لاہور قلندرز: شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، فخر زمان، عبداللہ شفیق، محمد حفیظ، کامران غلام، سمت پٹیل، بین ڈنک، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 2022 کے میچز دو مرحلوں میں کھیلے جائیں گے، پہلا مرحلہ کراچی اور دوسرا لاہور میں منعقد ہوگا۔

لیگ میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کراچی میں صرف 25 فیصد شائقین کے ساتھ میچز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے تحت صرف 8 ہزار شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہو گی۔

6 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں 34 میچز کھیلے جائیں گے اور 32 دنوں میں ٹورنامنٹ مکمل ہوجائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں