بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، صوبے میں خوشحالی کا مطلب ملک کی ترقی ہے، آرمی چیف

اپ ڈیٹ 30 جنوری 2022
آرمی چیف نے ایف سی خواتین اہلکاروں سے بھی ملاقات کی--فوٹو: آئی ایس پی آر
آرمی چیف نے ایف سی خواتین اہلکاروں سے بھی ملاقات کی--فوٹو: آئی ایس پی آر

چیف آف آرمی اسٹاف نے بلوچستان میں پائیدار امن برقرار رکھنے کا عزم دہراتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور صوبے میں ترقی و خوش حالی کا مطلب ملک کی ترقی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نے تربت کا دورہ کیا اور جوانوں کے ساتھ دن گزارا۔

مزید پڑھیں: شرپسند عناصر کے عزائم ناکام بنانے کیلئے اتحاد کی ضرورت ہے، آرمی چیف

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کو ہیڈکوارٹرز ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) میں علاقے کی صورت حال، پاک-ایران سرحد میں باڑ لگانے اور بلوچستان کی سیکیورٹی میں خلل ڈالنے کے لیے کی جانے والی شرپسندی کی کوششوں سے نمٹنے کے لیے انسدادی کارروائیوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف کو فوج کی جانب سے بلوچستان کی صوبائی حکومت سے تعاون کے طور پر کیے گئے معاشی اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت میں اضافے کے لیے جاری کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فوج پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے صوبائی حکومت سے تعاون کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائے گی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بعد ازاں کیچ کا دورہ کیا اور وہاں تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔

بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے سبدان ٹاپ کے شہدا کی قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا اور شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور صوبے کی ترقی اور خوش حالی کا مطلب ملک کی ترقی ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمن فورسز کو رکاؤٹ کھڑی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، بلوچستان کی سیکیورٹی، استحکام اور خوش حالی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کی ریاض میں سعودی ہم منصب سے ملاقات، عسکری تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

بیان میں کہا گیا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جب علاقے میں پہنچے تو کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے ان کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے تربت کے دورے میں ایف سی کی خواتین اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

خیال رہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز لاہور گریژن کا دورہ کیا تھا اور کہا تھا کہ وسیع مفادات کے لیے جھوٹی معلومات پھیلانے سے نہ صرف غلط تصور ابھر تا ہے بلکہ معاشرے میں ہم آہنگی کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرپسند عناصر کے عزائم ناکام بنانے کے لیے اتحاد قائم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

آرمی چیف نے کہا تھا کہ پاکستانی نوجوان انتہائی باصلاحیت اور پرعزم ہیں، انہیں صحیح مواقع دینا اور ماحول پیدا کرنے سے وہ ملک کو ترقی اور استحکام کی طرف لے جائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں