روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی نہیں کر سکے گا، برطانیہ

23 فروری 2022
یورپیئن چیمپیئنز لیگ کا فائنل اس سال 28مئی کو سینٹ پیٹرز برگ کے گزپروم ارینا میں منعقد ہونا ہے— فائل فوٹو: یوئیفا
یورپیئن چیمپیئنز لیگ کا فائنل اس سال 28مئی کو سینٹ پیٹرز برگ کے گزپروم ارینا میں منعقد ہونا ہے— فائل فوٹو: یوئیفا

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ اگر روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو وہ مئی میں شیڈول چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی نہیں کر سکیں گے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یورپیئن چیمپیئنز لیگ کا فائنل اس سال 28مئی کو سینٹ پیٹرز برگ کے گزپروم ارینا میں منعقد ہونا ہے۔

مزید پڑھیں: برطانیہ کا روس کے 5 بینکوں اور 3 امیر ترین افراد پر پابندیاں لگانے کا اعلان

یہ دوسرا موقع ہو گا کہ روس چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی کرے گا جہاں اس سے قبل 2008 میں ماسکو میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور چیلسی کے درمیان کھیلا گیا تھا۔

روس کی جانب سے مشرقی یوکرین میں امن فوج کے دستے بھیجنے کے اعلان کو بورس جانسن نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خبردار کیا کہ روس پر اس کے وسیع تر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بات انتہائی اہم ہے کہ ولادمیر پیوٹن اس بات کو سمجھیں کہ وہ جو کر رہے ہیں وہ روس کے لیے تباہ کن ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے ردعمل سے یہ واضح ہو چکا ہے کہ پیوٹن نے جو کچھ ڈونبس میں کیا ہے اس سے وہ روس کو غریب اور دنیا میں تنہا کر دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پیوٹن کو روس سے باہر فورس کے استعمال کا اختیار، فوج مشرقی یوکرین روانہ

ان کا کہنا تھا کہ وہ روس جس کا دنیا میں فرعون کا درجہ ہو گا اسے کوئی بھی قبول نہیں کرے گا اور وہ روس جو دوسرے ممالک کی خود مختاری پر حملہ کرے گا، اس میں کوئی بھی ٹورنامنٹ کا انعقاد نہیں کرے گا۔

یورپ میں فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے کہا ہے کہ وہ مستقل اور بغور صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں لیکن فی الحال ان کا ایونٹ کے فائنل کا مقام بدلنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ روس نے مشرقی یوکرین کے علیحدگی پسند علاقوں کو تسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وہاں روسی فوج کو بطور امن مشن تعینات کرنے کے لیے بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔

عالمی طاقتوں نے روس کے اس اعلان پر مایوسی کا اظہار کیا تھا جبکہ امریکا اور برطانیہ نے اس عمل کی سختی سے مذمت کی ہے۔

مزید پڑھیں: پیوٹن نے یوکرین کے علیحدگی پسند علاقوں کو تسلیم کرلیا، مغربی ممالک برہم

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ روس کا اعلان ’بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کی جانب سے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے سدباب کے لیے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں