مہوش حیات اور فواد خان پڑ پوتے بننے کو تیار

23 فروری 2022
دونوں سپر اسٹار مختصر کرداروں میں دکھائی دیں گے، رپورٹ—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ مس مارول
دونوں سپر اسٹار مختصر کرداروں میں دکھائی دیں گے، رپورٹ—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ مس مارول

گزشتہ ماہ جنوری میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ امریکی سائنس فکشن ویب سیریز ’مس مارول‘ میں مہوش حیات اور ہمایوں سعید بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

’مس مارول‘ میں فواد خان کے کام کرنے کی تصدیق پہلے ہی کی جا چکی ہے، تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ مذکورہ ویب سیریز میں پاکستانی سپر اسٹارز پڑ پوتوں کا مختصر کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

دبئی کی شوبز ویب سائٹ مصالحہ نے ’مس مارول‘ ویب سیریز پر نظر رکھنے والے ٹوئٹر ہینڈل ’مس مارول نیوز‘ کی ایک ٹوئٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مہوش حیات اور فواد خان پڑ پوتے بنیں گے۔

’مس مارول‘ ویب سیریز کے حوالے سے خبریں شیئر کرنے والے ٹوئٹر ہینڈل کی ٹوئٹ میں بتایا گیا تھا کہ دونوں پاکستانی سپر اسٹار ایک فلیش بیک سین میں دکھائی دیں گے۔

ٹوئٹ میں مہوش حیات اور فواد خان کی تصاویر کے ساتھ ’مس مارول‘ کے اسکرین شاٹ بھی دیے گئے اور بتایا گیا کہ ممکنہ طور پر دونوں سپر اسٹار پڑ پوتوں کا کردار ادا کریں گے۔

اسی ٹوئٹر ہینڈل کی جانب سے ایک مداح کی جانب سے سوال کیے جانے پر وضاحت کی گئی کہ ’مس مارول‘ کی اصلی کتاب کی کہانی میں ایک جگہ پر ان کے پڑ پوتوں کا ذکر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو فلم بنائے جانے کا امکان

بتایا گیا کہ تقسیم بر صغیر کے وقت کی کہانی بتاتے ہوئے ’مس مارول‘ کے پڑ پوتوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے اور ممکنہ طور پر وہی کردار فواد خان اور مہوش حیات ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

تاہم مذکورہ خبر پر ’مس مارول‘ کی ٹیم نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی اور نہ ہی مہوش حیات اور فواد خان نے اس پر کوئی بات کی ہے۔

البتہ اس سے قبل فواد خان نے تصدیق کی تھی کہ وہ ’مس مارول‘ میں کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے، لیکن تاحال مہوش حیات نے کوئی تصدیق نہیں کی۔

دوسری جانب گزشتہ ماہ جنوری میں ہمایوں سعید کی بھی ’مس مارول‘ کا حصہ بننے کی خبریں وائرل ہوئی تھیں، تاہم ان کی بھی تصدیق نہیں ہو سکی۔

’مس مارول‘ میں فواد خان کے علاوہ پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ، بھارتی نژاد مسلمان امریکی کامیڈین اظہر محمد عثمان، زنوبیا شروف، یاسمین فلیچر، ساگر شیخ اور رش شاہ شامل ہیں۔

یہ بھی خبریں ہیں کہ اس میں بھارتی اداکار و فلم ساز فرحان اختر اور پاکستانی سینیئر اداکارہ ثمینہ احمد بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: پہلی پاکستانی سپر ہیرو لڑکی کی ویب سیریز ’مس مارول‘ کا ٹیزر جاری

مذکورہ سپر ہیرو سیریز کی ہدایات پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے، بھارتی نژاد امریکی مسلم فلم ساز میرا مینن اور بیلجیم نژاد امریکی مسلم فلم ساز عادل ال عربی اور بلال فلاح دیں گے۔

تمام ہدایت کار سیریز کی مختلف قسطوں کی ہدایات دیں گے اور ممکنہ طور پر سیریز کے پہلے سیزن میں 6 قسطیں شامل ہوں گی۔ ’مس مارول‘ کی کہانی پاکستانی نژاد سپر ہیروئن کمالہ خان کے گرد گھومتی ہے اور اسی کا نام مس مارول ہوتا ہے، مہوش حیات اور فواد خان ممکنہ طور پر اسی کے پڑ پوتے بنیں گے۔

مس مارول یعنی کمالہ خان کا کردار امریکی نژاد پاکستانی اداکارہ ایمان ولانی ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

’مس مارول‘ کا پہلا ٹیزر نومبر 2021 میں جاری کیا گیا تھا اور ویب سیریز کو 2022 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں