مہوش حیات اور ہمایوں سعید کی ’مس مارول‘ کا حصہ ہونے کی خبریں

14 جنوری 2022
فوری طور پر دونوں اداکاروں نے تصدیق نہیں کی—فائل فوٹو: مارول اسٹوڈیو/ اسکرین شاٹ
فوری طور پر دونوں اداکاروں نے تصدیق نہیں کی—فائل فوٹو: مارول اسٹوڈیو/ اسکرین شاٹ

خبریں ہیں کہ پاکستانی اداکار ہمایوں سعید اور مہوش حیات بھی مارول اسٹوڈیو کی آنے والی ویب سیریز ’مس مارول‘ کا حصہ ہوں گے۔

’مس مارول‘ کو رواں برس ریلیز کیے جانے کا امکان ہے جو کہ پہلی پاکستانی مسلم لڑکی ’کمالہ خان‘ کے کردار پر مبنی ہوگی اور اس میں فواد خان اور نمرہ بچہ بھی دکھائی دیں گی۔

اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ ’مس مارول‘ کی پاکستانی کاسٹ میں مہوش حیات اور ہمایوں سعید کو بھی شامل کرلیا گیا۔

یوٹیوب کے شوبز شو ’واٹس دی 411‘ کے مطابق دونوں پاکستانی اداکار بھی ’مس مارول‘ ویب سیریز میں دکھائی دیں گے۔

شو میں میزبانوں نے بتایا کہ انہوں نے ہمایوں سعید اور مہوش حیات سے متعلق مذکورہ بات پہلے ہی کہی تھی مگر لوگوں نے اسے غلط سمجھا، تاہم اب وہ واضح کر رہے ہیں کہ دونوں اداکار ’مس مارول‘ کی کاسٹ کا حصہ ہیں۔

پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ ایمان ولانی مس مارول کا کردار ادا کریں گی—اسکرین شاٹ
پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ ایمان ولانی مس مارول کا کردار ادا کریں گی—اسکرین شاٹ

شو میں ہمایوں سعید اور مہوش حیات کے کرداروں سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی گئی، البتہ وثوق سے کہا گیا کہ دونوں اداکار ویب سیریز کا حصہ ہیں۔

دوسری جانب ’ایکسپریس ٹربیون‘ نے ذرائع سے اپنی خبر میں بتایا کہ ’مس مارول‘ کی کاسٹ میں صرف مہوش حیات شامل ہیں۔

رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہمایوں سعید ویب سیریز کا حصہ نہیں ہیں۔

اگرچہ خبریں ہیں کہ ہمایوں سعید اور مہوش حیات بھی ’مس مارول‘ کا حصہ ہیں، تاہم تاحال اس حوالے سے دونوں اداکاروں نے کوئی وضاحت یا تردید نہیں کی۔

فواد خان نےگزشتہ ماہ خود کو کاسٹ کیے جانے کی تصدیق کی تھی—فائل فوٹو: مارول اسٹوڈیو/ انسٹاگرام
فواد خان نےگزشتہ ماہ خود کو کاسٹ کیے جانے کی تصدیق کی تھی—فائل فوٹو: مارول اسٹوڈیو/ انسٹاگرام

اس سے قبل فواد خان نے بھی کئی ماہ تک ’مس مارول‘ میں خود کو کاسٹ کیے جانے سے متعلق کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی، تاہم گزشتہ ماہ دسمبر میں انہوں نے خود سے متعلق تصدیق کی تھی۔

’مس مارول‘ میں فواد خان کے علاوہ پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ، بھارتی نژاد مسلمان امریکی کامیڈین اظہر محمد عثمان، زنوبیا شروف، یامسین فلیچر، ساگر شیخ اور رش شاہ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو فلم بنائے جانے کا امکان

یہ بھی خبریں ہیں کہ اس میں بھارتی اداکار و فلم ساز فرحان اختر اور پاکستانی سینیئر اداکارہ ثمینہ احمد بھی شامل ہیں۔

مذکورہ سپر ہیرو سیریز کی ہدایات پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے، بھارتی نژاد امریکی مسلم فلم ساز میرا مینن اور بیلجیم نژاد امریکی مسلم فلم ساز عادل ال عربی اور بلال فلاح دیں گے۔

تمام ہدایت کار سیریز کی مختلف قسطوں کی ہدایات دیں گے اور ممکنہ طور پر سیریز کے پہلے سیزن میں 6 قسطیں شامل ہوں گی۔

’مس مارول‘ کا پہلا ٹیزر نومبر 2021 میں جاری کیا گیا تھا اور ویب سیریز کو 2022 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں