پہلی پاکستانی سپر ہیرو لڑکی کی ویب سیریز ’مس مارول‘ کا ٹیزر جاری

15 نومبر 2021
ایمان ولانی نے ’کمالہ خان‘ کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
ایمان ولانی نے ’کمالہ خان‘ کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

سائنس فکشن اور سپر ہیرو فلمیں اور ویب سیریز بنانے والے امریکی ہولی وڈ اسٹوڈیو مارول نے آنے والی ویب سیریز ’مس مارول‘ کا مختصر ٹیزر جاری کردیا، جس میں پاکستانی سپر ہیرو لڑکی کے کردار کو دکھایا گیا ہے۔

’مس مارول‘ ویب سیریز کی مرکزی کہانی ’کمالہ خان‘ نامی سپر ہیرو لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو کہ دراصل ایک پاکستانی نژاد لڑکی ہوتی ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی ویب سیریز کی کہانی نہ صرف پاکستانی بلکہ مسلم لڑکی کے گرد گھومے گی۔

علاوہ ازیں ’مس مارول‘ نامی ویب سیریز میں متعدد پاکستانی اداکار، فلم ساز اور دیگر تکنیکی افراد بھی اپنی صلاحتیں استعمال کرتے دکھائی دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو فلم بنائے جانے کا امکان

مارول اسٹوڈیو کی جانب سے شیئر کیے گئے مختصر دورانیے کے ٹیزر میں ’مس مارول‘ کے مرکزی کردار یعنی ’کمالہ خان‘ کو دکھایا گیا ہے جو کہ پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ 16 سالہ ایمان ولانی ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

ایمان ولانی پہلے بھی امریکی ڈراموں میں کام کر چکی ہیں—— فوٹو: آئی ایم بی ڈی
ایمان ولانی پہلے بھی امریکی ڈراموں میں کام کر چکی ہیں—— فوٹو: آئی ایم بی ڈی

مختصر دورانیے کے ٹیزر میں مرکزی کردار کا پس منظر بھی دکھایا گیا ہے جب کہ ٹیزر میں مسلمانوں کو نماز پڑھتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔

ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ ’کمالہ خان‘ کس طرح مختلف صلاحیتوں کی مالک لڑکی ہیں جو کہ مشکل میں پھنسے افراد کی مدد کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں: پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو سیریز کے لیے پاکستانی نژاد لڑکی کا انتخاب

ٹیزر میں ویب سیریز کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم اس سے قبل ہی اسٹوڈیو اعلان کر چکا ہے کہ ’مس مارول‘ کو 2022 کے موسم سرما میں پیش کیا جائے گا۔

’مس مارول‘ میں جہاں ایمان ولانی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی، وہیں پاکستانی اداکارہ ثنا بچہ بھی اس میں نظر آئیں گی جب کہ خبریں ہیں کہ فواد خان بھی اسی سیریز میں مختصر طور پر پیش ہوں گے، تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

مذکورہ ویب سیریز کی دیگر کاسٹ میں بھارتی نژاد مسلمان امریکی کامیڈین اظہر محمد عثمان، زنوبیا شروف، یامسین فلیچر، ساگر شیخ اور رش شاہ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم خاتون سپر ہیرو سیریز بنانے کیلئے شرمین عبید سمیت 4 مسلم ہدایت کار اکٹھے

یہ بھی خبریں ہیں کہ اس میں بھارتی اداکار و فلم ساز فرحان اختر اور پاکستانی سینیئر اداکارہ ثمینہ احمد بھی شامل ہیں۔

مذکورہ سپر ہیرو سیریز کی ہدایات پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے، بھارتی نژاد امریکی مسلم فلم ساز میرا مینن اور بیلجیم نژاد امریکی مسلم فلم ساز عادل ال عربی اور بلال فلاح دیں گے۔

تمام ہدایت کار سیریز کی مختلف قسطوں کی ہدایات دیں گے اور ممکنہ طور پر سیریز کے پہلے سیزن میں 6 قسطیں شامل ہوں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں