پاکستان میں اسمبل شدہ پہلی یورپی گاڑی پیش

13 مارچ 2022
آصف رضوی نے کہا کہ پیجوٹ کے آپریشنز، نیٹ ورک کی توسیع سے مارکیٹ میں مزید ملازمتیں پیدا ہوں گی—فوٹو: ڈان نیوز
آصف رضوی نے کہا کہ پیجوٹ کے آپریشنز، نیٹ ورک کی توسیع سے مارکیٹ میں مزید ملازمتیں پیدا ہوں گی—فوٹو: ڈان نیوز

لکی موٹر کارپوریشن (ایل ایم سی) نے باضابطہ طور پر ملک کی پہلی مقامی طور پر اسمبل شدہ یورپی گاڑی پیجوٹ 2008 ایس یو وی لانچ کردی ہے اور 6 شہروں میں 8 تھری ایس ڈیلرشپس کا آغاز کردیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پیجیوٹ آٹوموبائل کا ایک فرانسیسی برانڈ ہے جس کی ملکیت ’سٹیلنٹیس‘ کے پاس ہے۔

ایل ایم سی مختلف پیجوٹ ماڈلز کو مقامی طور پر تیار کرے گا اور فی الحال اگلے سال کے اوائل تک ان کی فروخت کے مواقع تلاش کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مقامی کار اسمبلرز نے گزشتہ ماہ ریکارڈ گاڑیاں فروخت کیں

لانچ ایونٹ کے موقع پر ایل ایم سی کے سی ای او آصف رضوی نے کہا کہ کمپنی نے پلانٹ، مشینری اور سیلز نیٹ ورک سمیت پیجوٹ پروجیکٹ میں 4 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے جس کی وجہ سے 650 ملازمتیں پیدا ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ یورپی برانڈ متعارف کروا کر ایل ایم سی پاکستان کی آٹو موٹیو مارکیٹ بدل ڈالنے کو تیار ہے۔

نئی لانچ کی گئی گاڑی کی تفصیلات بتاتے ہوئے آصف رضوی نے کہا کہ پیجوٹ 2008 ماڈل 1800 سی سی کے برابر بجلی فراہم کرتا ہے اور 1800 سی سی انجن کے لیے 10 کلومیٹر فی لیٹر کے مقابلے میں 15 کلو میٹر فی لیٹر تک فیول ایورج فراہم کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: مقامی طور پر تیار کی گئی گاڑی کے مالکان کو کس کس طرح تنگ کیا گیا؟

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد متعارف کروایا جانے والا اگلا ماڈل ای-2008 ہو گا جو صارفین کو 100 فیصد الیکٹرک اور تھرمک ورژن میں سے انتخاب کرنے کی آزادی دیتا ہے۔

آصف رضوی نے کہا کہ آٹو ڈویلپمنٹ پالیسی 2016-2021کے تحت 12 نئے ادارے آٹو سیکٹر کے میدان میں آئے ہیں جو تقریباً 15 برانڈز اور 25 نئی گاڑیاں لے کر آئے ہیں، اس طرح موجودہ اور نئے کھلاڑیوں کے لیے ایک برابر کا میدان بنا ہے۔

ایل ایم سی (جو کہ یونس برادر گروپ کا ایک ذیلی ادارہ ہے) نے پاکستان میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے 4 کوریائی آٹو پارٹس سپلائرز کے ساتھ تکنیکی معاونت کے 8 معاہدے کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مالی سال 2021 میں نئی گاڑیوں کی ریکارڈ درآمد

انہوں نے کہا کہ پیجوٹ کے آپریشنز اور نیٹ ورک کی توسیع سے مارکیٹ میں مزید ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

ایک ویڈیو پیغام میں پیجوٹ کی سی ای او لنڈا جیکسن نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان میں یورپی کار اسمبل کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں روزگار، لوکلائزیشن اور مقامی آٹو موٹیو انڈسٹری کو سپورٹ کرنے کے لیے لکی موٹرز کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔

مزید پڑھیں: سوزوکی کے بعد ٹویوٹا گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ

ان کا کہنا تھا کہ پیجوٹ کی خصوصی توجہ انٹرنیشنلائزیشن کے ساتھ بی اور سی سیگمنٹ ایس یو وی کی ترقی پر ہے جس میں ہمارے لیے ایک بہترین موقع نظر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹریفکیشن سے متعلق پاکستان کی قانون سازی کے ارتقا سے بھی اس کو تقویت ملی ہے جو ہماری حکمت عملی کے مطابق ہے۔

سٹیلنٹیس کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) برائے مشرق وسطیٰ اور افریقہ سمیر شیرفن نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم ایل ایم سی کے ساتھ پاکستان میں اس سفر کا آغاز کرنے کے لیے پرجوش ہیں اور ملک میں دونوں فریقین کی ترقی کے منتظر ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں