پاکستانیوں نے شوکت خانم ہسپتال کیلئے اب تک 63 ارب روپے عطیہ کیا، وزیراعظم

09 اپريل 2022
وزیراعظم نے عطیات دینے پر پاکستانی قوم کی تعریف کی—فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعظم نے عطیات دینے پر پاکستانی قوم کی تعریف کی—فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کینسر مہنگا علاج ہونے کے باعث خطرناک بیماری ہے جبکہ غریب مریضوں کے علاج کے لیے پاکستانیوں نے شوکت خانم کے لیے اب تک 63 ارب روپے دیے اور خرچ ہوچکے ہیں۔

شوکت خانم ہسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتےہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کینسر کی بیماری دیگر بیماریوں سے اس لیے خطرناک ہے کیونکہ کسی کو کینسر کا پتہ چلتا ہے تو موت کا خوف ہوتا ہے اور دوسرا اس کا علاج سب سے مہنگا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارتی میڈیا پر وزیر اعظم عمران خان کی تعریفیں

ان کا کہنا تھا کہ جن کے پاس علاج کے لیے وسائل نہیں ہیں وہ سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، بدقسمتی سے کینسر ایسی بیماری ہے، جس کا فوری کوئی علاج نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5 سال تک متاثرہ شخص کو علاج کرانا ہوتا ہے، اموات کے حوالے سے دل کے بعد کینسر دوسری بڑی بیماری ہے، جس کی وجہ سے زیادہ اموات ہوتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ آج زیادہ تر اگر کینسر جلدی تشخیص ہوجائے تو مریض بچ سکتا ہے، یہ ایک بہت بڑی تبدیلی ہے اور جو خوف ہوتا تھا کہ کینسر ہوگیا تو اب کیا وہ چیز اب نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں تعمیر ہونے والا ہسپتال بہت بڑا ہسپتال ہے، جو لاہور سے بڑا ہے جہاں سندھ اور بلوچستان سے بھی لوگ علاج کے لیے آئیں گے، اس پر اپنی پاکستانی قوم کو داد دیتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ شاید ہی دنیا میں کوئی اتنے کھلے دل کی قوم ہے، جس طرح پاکستانی ہیں، کوئی اس کی مثال نہیں ہے کہ ساری قوم مل کر ایک ہسپتال بنائے اور اس کو چلائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانیوں نے 63 ارب روپے غریب مریضوں کے علاج کے لیے شوکت خانم ہسپتال کو دے دیا ہے اور اب یہ خرچ ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شوکت خانم میں بڑے مشکل مرحلے آئے لیکن اس کے باوجود ہم نے 70 سے زیادہ کا علاج کیا کم نہیں کیا اور اپنے وعدے پر قائم رہے اور اللہ خاص کرم ہے کہ آج تک ہر مشکل کے باوجود ہسپتال کے دروازے بند نہیں ہوئے اور ہمیں پیسے کی کمی نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ہسپتالوں کی کمی ہے، ہر روز کینسر کے مریض آتے ہیں، لیکن جگہ کم ہوتے ہے اور قابل علاج ہونے کے باوجود واپس بھیج دیتے ہیں، اسی لیے کراچی کا ہسپتال بنایا ہے اور اگلے سال تک فعال ہوجائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مدینے کی ریاست میں انسانیت، انصاف اور خودداری کا نظام تھا اور جو قومیں ان اصولوں سے پیچھے چلی جاتی ہیں تو دنیا میں ان کی عزت نہیں ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس راستے پر چل چکے ہیں، جو ان شااللہ پاکستان کو ایک عظیم قوم بنائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں