ایف آئی اے کو این او سی کے بغیر بیرونِ ملک جانے والے سرکاری عہدیداروں کو روکنے کی ہدایت

اپ ڈیٹ 10 اپريل 2022
بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ایف آئی اے کے امیگریشن عملے کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا تھا — فائل فوٹو: اے پی پی
بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ایف آئی اے کے امیگریشن عملے کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا تھا — فائل فوٹو: اے پی پی

ملک کی صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن عملے کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے کے ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ ہدایت کی گئی تھی کہ کسی بھی سرکاری اہلکار کو بغیر عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) کے بیرون ملک سفر کرنے سے روکا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:’پرانے پاکستان میں خوش آمدید': عمران خان کے خلاف عدم اعتماد پر رد عمل

یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب اسد قیصر نے ہفتے کی رات گئے قومی اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا اور وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کا عمل شروع کر دیا گیا تھا۔

ایسے میں ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ایف آئی اے کے امیگریشن عملے کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا تھا اور ان تمام سرکاری اہلکاروں کو روکنے کی ہدایت کی گئی تھی جو بغیر این او سی کے بیرون ملک سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

علاوہ ازیں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کی چیکنگ بڑھا دی گئی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کو تبدیل کردیا گیا

ایف آئی اے اور ایئرپورٹ حکام نے کہا کہ انہیں الرٹ رہنے اور کسی بھی سرکاری اہلکار کو بغیر این او سی کے ملک سے باہر جانے کی اجازت نہ دینے کی ہدایات موصول ہوئی ہیں۔

اس کے علاوہ گیریژن سٹی راولپنڈی میں بھی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں