زمینی، سمندری، فضائی خطرات کے خلاف برطانیہ اور بھارت کا شراکت داری کا اعلان

اپ ڈیٹ 23 اپريل 2022
انہوں نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے حملے کا حکم دے کر ایک ’تباہ کن غلطی‘ کی ہے
انہوں نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے حملے کا حکم دے کر ایک ’تباہ کن غلطی‘ کی ہے

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے دورہ بھارت کے موقع پر برطانیہ اور بھارت نے ’نئی اور توسیع شدہ‘ دفاعی و سیکیورٹی شراکت داری پر اتفاق کرلیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بورس جانسن ایک ایسے موقع پر بھارت کا دورہ کررہے ہیں جب ان کو اپنے ملک میں شدید تنقید کا سامنا ہے کہ آیا لاک ڈاؤن کے دوران پارٹی گیٹ اسکینڈل میں انہوں نے پارلیمنٹ سے جھوٹ بولا ہے۔

بھارت امریکا، جاپان اور آسٹریلیا کے ساتھ کواڈ گروپنگ کا حصہ ہے جسے چین کے بڑھتے ہوئی جارحیت کے خلاف ایک مضبوط ہتھیار کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

تاہم سرد جنگ میں بھارت کے ماسکو کے ساتھ تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے، جو اب بھی اس کا سب سے بڑا فوجی آلات فراہم کنندہ ہے اور اس نے یوکرین پر روس کے حملے کی مذمت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

مزید پڑھیں: برطانیہ: 'بھارتی شہری' شاہی محل میں داخلے پر گرفتار، پولیس کی تحقیقات

بورس جانسن نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے ساتھ گفتگو میں بیجنگ کے حوالے سے واضح طور پر کہا کہ ’آمرانہ جبر کے خطرات مزید بڑھ گئے ہیں‘۔

بات جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ ہم اپنے تعاون کو مزید مضبوط کریں۔

انہوں نے کہا کہ ’انڈو پیسیفک کو کھلا اور آزاد رکھنا ہماری مشترکہ دلچسپی ہے‘ نئی شراکت داری ‘دہائیوں پر مشتمل طویل المدتی ‘ ہے۔

انہوں نے قدیم جمہوریتوں برطانیہ اور بھارت کے درمیان تعلقات کو سراہا۔

اس سلسلے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ بورس جانسن کا ’ تاریخی‘ دورہ بھارت ایک ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب بھارت اپنی آزادی کی 75ویں سالگرہ کا جشن اس سال منائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’ ہم نے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ انڈوپیسیفک میں جامع اور قواعد پر مبنی گفتگو کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت میں برطانوی سفارتکار کو 'جنسی طور پر ہراساں' کرنے کا مقدمہ درج

خیال رہے سیکیورٹی شراکت داری کی تفصیلات تاحال موصول نہیں ہوئی ہیں۔

تاہم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک دفاعی خریداری کے لیے ساتھ کام کرنے پر متفق ہیں تاکہ زمینی، سمندری، فضائی اور سائبر خطرات سے نمٹا جاسکے۔

اس شراکت داری میں نئے جنگی طیارے، میری ٹائم خطرات کی نشاندہی کرکے ان پر کارروائی کرنے سے متعلق ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔

جزوی طور پر ماسکو پر اپنا انحصار کم اور ’میک ان انڈیا‘ مہم میں شراکت کے طور پر نئی دہلی طویل عرصے سے اپنی ملکی فوجی تیاری کی صلاحیت کو بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

سفارتی وفد کا ایک سلسلہ حالیہ ہفتوں میں نئی دہلی کا رخ کر رہا ہے کیونکہ امریکا کی قیادت میں ایک اتحاد بھارت کو ماسکو سے دور کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس میں سیکیورٹی، دفاع اور توانائی میں تعاون بڑھانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کو دینے کیلئے اضافی ویکسین نہیں ہیں، برطانیہ

نریندر مودی نے گزشتہ ہفتے امریکی صدر جو بائیڈن سے ٹیلی فون پر بات چیت کی تھی جبکہ یورپی کمیشن کی سربراہ ارسلا وان ڈیر لیین اتوار کو بھارت پہنچیں گی۔

بھارت نے روس کی واضح مذمت کرنے سے انکار کرتے ہوئے تشدد کے خاتمے پر زور دیا ہے اور ماسکو کی مذمت کی حامل مغربی حمایت یافتہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں شرکت سے گریز کیا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے مودی سے ملاقات کے بعد کہا کہ روس پر بھارت کا مؤقف تبدیل نہیں ہو گا۔

نئی دہلی میں نیوز کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ’روس کے بارے میں بھارت کا مؤقف تاریخی طور پر سب کو معلوم ہے اور ہم اسے تبدیل نہیں کریں گے۔

بورس جانسن نے یہ بھی کہا کہ روس کے حملے کے خلاف سخت مزاحمت کی وجہ سے یوکرین میں تنازع کا فوری خاتمہ نہیں ہو سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی وزیراعظم کا دورہ بھارت منسوخ

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ دفاعی انٹیلی جنس کے ان جائزوں سے اتفاق کرتے ہیں کہ جنگ اگلے سال کے آخر تک جاری رہ سکتی ہے، تو برطانوی وزیر اعظم نے جواب دیا کہ ’افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ ایک ممکنہ حقیقت میں سے ایک ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے حملے کا حکم دے کر ایک ’تباہ کن غلطی‘ کی ہے، تاہم اس نے یوکرین کی مزاحمت کو خراج تحسین پیش کیا اور یوکرین اور اس کے پڑوسیوں کے لیے منصوبہ بندی اور ممکنہ فوجی مدد کا خاکہ پیش کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں