انگلینڈ کے خلاف اہم ٹیسٹ میچ سے قبل روہت شرما کورونا کا شکار

اپ ڈیٹ 27 جون 2022
ہفتے کو کیے گئے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ کے بعد بھارت کے ٹیسٹ کپتان روہت شرما کا کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
ہفتے کو کیے گئے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ کے بعد بھارت کے ٹیسٹ کپتان روہت شرما کا کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ کے خلاف نامکمل ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ سے قبل بھارتی ٹیم کو دھچکا لگا ہے اور کپتان روہت شرما کووڈ کا شکار ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ٹوئٹ کی کہ ہفتے کو کیے گئے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ کے بعد روہت شرما کا کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پانچواں ٹیسٹ میچ منسوخ

ان کا کہنا تھا کہ روہت اس وقت ٹیم ہوٹل میں آئسولیشن میں ہیں اور بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم ان کا خیال رکھ رہی ہے۔

دائیں ہاتھ کے بلے باز دورے کے دوران لیسٹرشائر کے خلاف چار روزہ میچ میں شریک تھے لیکن ہفتے کو میچ کے تیسرے دن وہ دوسری اننگز کے لیے بیٹنگ کے لیے میدان میں نہیں اترے، انہوں نے پہلی اننگز میں 25 رنز بنائے تھے۔

یہ میچ دراصل گزشتہ سال دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ ہے جو اب کھیلا جارہا ہے اور اس کا آغاز جمعہ سے ہوگا جس کی بدولت امید ہے کہ برمنگھم میں میچ سے قبل بھارتی کپتان فٹ ہو جائیں گے۔

مذکورہ میچ کو گزشتہ سال ستمبر میں مانچسٹر میں کھیلا جانا تھا لیکن بھارتی کیمپ میں کووڈ کے پھیلاؤ کے پیش نظر میچ کو ملتوی کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کے کرکٹر کووڈ ویکسین کیلئے ترجیحی فہرست میں شامل ہوں گے

سیریز میں اب تک کھیلے گئے چار میچوں میں بھارت کو 1-2 کی برتری حاصل ہے اور اگر بھارتی ٹیم ٹیسٹ میچ ڈرا بھی کر لیتی ہے تو وہ 2007 کے بعد انگلش سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں