بلوچستان ہائیکورٹ کا کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کرنے کا حکم

بلوچستان ہائیکورٹ نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کرنے کا حکم دیا — فائل فوٹو: بلوچستان ہائیکورٹ ویب سائٹ
بلوچستان ہائیکورٹ نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کرنے کا حکم دیا — فائل فوٹو: بلوچستان ہائیکورٹ ویب سائٹ

بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کرنے کا حکم جاری کردیا۔

جسٹس کامران ملاخیل اور جسٹس نذیر احمد لانگو پر مشتمل بلوچستان ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سابق کونسلر عبدالکریم لانگو کی جانب سے دائر کی گئی آئینی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے کی گئی حلقہ بندیاں درست نہیں ہیں، لہٰذا انتخابات کا شیڈول معطل کیا جائے۔

عدالت نے 28 اگست کو کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کرتے ہوئے 6 جولائی کو فریقین کو طلب کرلیا۔

مزید پڑھیں: سندھ میں بلدیاتی انتخابات: وفاقی حکومت میں شامل اتحادیوں کے پیپلز پارٹی پر سنگین الزامات

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو ہونے تھے۔

اس سے قبل 29 مئی کو بلوچستان کے 34 میں سے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے صوبے کے مختلف شہری اور دیہی وارڈز میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہوا تھا۔

پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی، باقی 2 اضلاع کوئٹہ اور لسبیلہ میں انتخابات کے شیڈول کا اعلان بعد میں کرنے کا کہا گیا تھا کیونکہ صوبائی حکومت کی جانب سے حلقہ بندیوں میں اضافے کے بعد وہاں انتخابات کی حلقہ بندی جاری تھی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق 29 مئی کو 4 ہزار 456 شہری اور دیہی وارڈز میں ووٹنگ ہوئی جس میں 16 ہزار 195 مرد و خواتین امیدوار حنے حصہ لیا جبکہ شہری حلقوں میں کُل 121 اور دیہی وارڈز میں ایک ہزار 436 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں