پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 2 اموات، 371 نئے کیسز

11 جولائ 2022
24 گھنٹوں میں کورونا کی تشخیص کے لیے 15 ہزار 38 ٹیسٹ کیے گئے— فائل فوٹو : اے پی
24 گھنٹوں میں کورونا کی تشخیص کے لیے 15 ہزار 38 ٹیسٹ کیے گئے— فائل فوٹو : اے پی

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 371 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں۔

قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مثبت کیسز کی شرح 2.47 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ کوروناسے متاثر 140 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کی تشخیص کے لیے 15 ہزار 38 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 371 کیسز مثبت آئے۔

ایک روز قبل ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 502 نئے کیسز سامنے آئے تھے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 2.73 فیصد رہی۔

علاوہ ازیں کورونا سے متاثر 145مریضوں کی حالت تشویشناک ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ کورونا وائرس میں مبتلا ایک مریض انتقال کرگیا تھا۔

خیال رہے کہ عیدالاضحیٰ سے قبل ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کی آئندہ مذہبی تقریبات کے دوران کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'لوگوں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا چاہیے تاکہ کیسز میں اضافے کی رفتار کو کنٹرول کیا جا سکے کیونکہ یہ ہسپتالوں میں زیر استعمال بستروں کی شرح کو براہ راست متاثر کرتا ہے، اگر کیسز کی تعداد روزانہ بڑھتی رہی تو اس کے نتیجے میں ہسپتالوں میں مزید مریض داخل ہوں گے'۔

این سی او سی کے رکن ڈاکٹر علی خان نے کہا تھا کہ اگر دونوں مذہبی ایونٹس کیسز میں کوئی اضافہ دیکھے بغیر گزر گئے تو ملک میں کورونا کی چھٹی لہر نہیں آ سکتی۔

تبصرے (0) بند ہیں