کراچی: ڈی ایچ اے میں کثیر المنزلہ عمارت سے گر کر نوجوان جاں بحق

اپ ڈیٹ 01 اگست 2022
پولیس افسر نے بتایا جاں بحق کی شناخت 26 سالہ عادل مسعود خان کے نام ہوئی — فائل فوٹو: رائٹرز
پولیس افسر نے بتایا جاں بحق کی شناخت 26 سالہ عادل مسعود خان کے نام ہوئی — فائل فوٹو: رائٹرز

کراچی میں دو دریا کے قریب ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے فیز 8 میں واقع کثیر المنزلہ عمارت سے پراسرار طور پر گر کر بزنس گریجوایٹ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کراچی پولیس کے سینئر پولیس افسر نے اپنی شناخت نہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق نوجوان کی شناخت 26 سالہ عادل مسعود خان کے نام ہوئی ہے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ جاں بحق نوجوان انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کا گریجوایٹ تھا۔

پولیس عہدیدار نے کہا کہ ہفتے کی رات اچھے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے 7 دوست ایک اپارٹمنٹ میں جمع ہوئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ تمام دوست ہفتے میں یا مہینے میں مختلف مقامات پر جمع ہوتے رہتے تھے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ صبح 5 بجے کے قریب، یہ دیکھنے کے لیے کہ بارش ہو رہی ہے یا نہیں 2 دوست کمرے کی بالکونی میں گئے اور اسی دوران عادل مسعود پاؤں پھسل کر نیچے زمین پر جاگرا اور جاں بحق ہوگیا۔

اہلکار نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ایک 'حادثہ' تھا۔

تاہم، پولیس اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ نوجوان کی موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جاسکے۔

پولیس نے بتایا کہ جس فلیٹ میں حادثہ پیش آیا اس کا مالک کینیڈا میں رہتا ہے اور اس کے بیٹے نے مبینہ طور پر ایک کمرہ اپنے کلاس فیلو کو 25 ہزار روپے ماہانہ پر کرائے پر دیا ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: زیر تعمیر کثیر منزلہ عمارت سے گرکر 5 مزدور جاں بحق

اے ٹی ایم میں شہریوں کو لوٹنے والے گینگ کا سرغنہ گرفتار

دوسری جانب، پولیس نے مبینہ طور پر ڈی ایچ اے میں اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کے بعد واپس جانے والے شہریوں کو لوٹنے میں ملوث گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس نے ملزم کی شناخت محمد وقاص کے نام سے کی اور اس کے قبضے سے چھینے گئے 2 لاکھ روپے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کا گینگ گزشتہ 3 برسوں سے ڈی ایچ اے میں لوگوں سے رقم لوٹ رہا تھا اور وہ اس طرح کے دیگر جرائم میں بھی ملوث ہیں۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزم کے خلاف ضلع جنوبی کے مختلف تھانوں میں 5 ایف آئی آر درج ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں