ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے بھارتی ٹیم کا اعلان، ویرات کوہلی کی واپسی

اپ ڈیٹ 09 اگست 2022
33 سالہ ویرات کوہلی کو ویسٹ انڈیز کے حالیہ دورے میں آرام دیا گیا تھا—فائل فوٹو:رائٹرز
33 سالہ ویرات کوہلی کو ویسٹ انڈیز کے حالیہ دورے میں آرام دیا گیا تھا—فائل فوٹو:رائٹرز

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، آؤٹ آف فارم اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

ایشیا کپ کا آغاز رواں ماہ کے آخر میں روایتی حریف بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے مقابلے کے ساتھ ہوگا۔

نائب کپتان کے ایل راہول بھی 27 اگست سے 11 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم میں واپس آئے ہیں، وہ مئی میں انڈین پریمیئر لیگ کے اختتام کے بعد کورونا اور انجری کا شکار ہونے کے باعث بھارتی ٹیم کی نمائندگی سے محروم تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی آئی پی ایل میں تیسری مرتبہ 'گولڈن ڈک' پر آؤٹ

قومی سلیکٹرز نے 15 رکنی مضبوط اسکواڈ کا اعلان کیا جب کہ تیز رفتار گیند باز جسپریت بمراہ انجری کے باعث ٹیم سے باہر کردیے گئے۔

جسپریت بمراہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ کمر کی تکلیف میں مبتلا ہیں، وہ ان دنوں بنگلور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بحالی کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔

ایشیا کپ اسکواڈ میں 3 کھلاڑیوں شریاس ایئر، اکسر پٹیل اور دیپک چاہر کو اسٹینڈ بائی کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: دورۂ نیدرلینڈز اور ایشیا کپ کیلئے اسکواڈز کا اعلان، حسن علی باہر

33 سالہ ویرات کوہلی کو ویسٹ انڈیز کے حالیہ دورے میں آرام دیا گیا تھا، وہ ان دنوں آوٹ آف فارم ہیں، انہوں نے 2019 کے بعد سے کسی بھی فارمیٹ میں سنچری نہیں بنائی ہے۔

گزشتہ سال ویرات کوہلی کی جگہ روہت شرما کو تمام طرز کی کرکٹ کا کپتان بنایا گیا تھا۔

ایشیا کپ کا اخری ایڈیشن 50 اوورز پر مشتمل مقابلہ تھا لیکن اس بار ایونٹ کا فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی ہوگا۔

ایونٹ کی دفاعی چیمپئن بھارت سب سے کامیاب ٹیم ہے جس نے 7 مرتبہ یہ ٹرافی جیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ کرکٹ: پاک-بھارت ٹاکرا 28 اگست کو دبئی میں ہوگا

6 ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے ایونٹ میں بھارت کا پہلا میچ 28 اگست کو پاکستان کے خلاف ہے جو گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی شکست کا بدلہ لینے کی پوری کوشش کرے گا۔

ایشیا کپ کے لیے بھارتی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر متشمل ہے۔

روہت شرما (کپتان)، کے ایل۔راہول (نائب کپتان)، ویرات کوہلی، سوریہ کمار یادو، دیپک ہوڈا، رشبھ پنٹ، دنیش کارتک، ہارڈک پانڈیا، رویندرا جدیجا، روی چندرن اشون، یوزویندر چاہل، روی بشنوئی، بھونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ، اویش خان۔

تبصرے (0) بند ہیں