دورۂ نیدرلینڈز اور ایشیا کپ کیلئے اسکواڈز کا اعلان، حسن علی باہر

اپ ڈیٹ 03 اگست 2022
دورہ نیدرلینڈز میں قومی ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی — فائل فوٹو: اے ایف پی
دورہ نیدرلینڈز میں قومی ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے دورۂ نیدرلینڈز اور ٹی20 ایشیا کپ کے لیے قومی اسکواڈز کا اعلان کردیا جس سے حسن علی کو آرام کی غرض سے باہر کردیا گیا ہے۔

پاکستان کی ٹیم نیدرلینڈز کے خلاف 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے بعد متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ میں شرکت کرے گی۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ کرکٹ: پاک-بھارت ٹاکرا 28 اگست کو دبئی میں ہوگا

نیدرلینڈز کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے لیے 16 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ ٹی20 ایشیا کپ کے لیے 15 کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

حسن علی کو دونوں دوروں سے آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ نسیم شاہ کو قومی اسکواڈز میں شامل کرلیا گیا ہے۔

نیدرلینڈز کے خلاف ون ڈے میچز میں ٹیم کی قیادت کپتان بابر اعظم کریں گے جبکہ بقیہ کھلاڑیوں میں نائب کپتان شاداب خان، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز نواز دھانی اور زاہد محمود شامل ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ میں بھی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں نائب کپتان شاداب خان، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کی ٹیم سات ٹی20 میچوں کی سیریز کیلئے ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی

دوروں کے دوران منصور رانا ٹیم منیجر، ثقلین مشتاق ہیڈ کوچ، محمد یوسف بیٹنگ کوچ اور شان ٹیٹ باؤلنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

ایشیا کپ عرب سرزمین پر 27 اگست سے 11 ستمبر تک کھیلا جائے گا جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 28 اگست کو مدمقابل ہوں گی۔

ایونٹ کا فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں