ایشیا کپ: سری لنکا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

اپ ڈیٹ 06 ستمبر 2022
سری لنکا کے باؤلرز نے شروع میں ہی بھارتی بلے بازوں پر دباؤ بڑھایا—فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا کے باؤلرز نے شروع میں ہی بھارتی بلے بازوں پر دباؤ بڑھایا—فوٹو: اے ایف پی
ویرات کوہلی صفر پراپنی وکٹ گنوا بیٹھے—فوٹو: رائٹرز
ویرات کوہلی صفر پراپنی وکٹ گنوا بیٹھے—فوٹو: رائٹرز

ایشیا کپ 2022 کے اہم میچ میں سری لنکا نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی چمپیئن بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بھارت نے جب بیٹنگ کا آغاز کیا تو دوسرے اوور میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر کے ایل راہون 7 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 6 رنز بنا کر تھیکشانا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

اس کے بعد روہت شرما اور ویرات کوہلی نے اننگز آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن مادوشانکا نے اسٹار بلے باز کوہلی کی وکٹیں اڑا دیں۔

سری لنکا کے بلے بازوں نے بھارت کو تیسرے اوور میں ہی بھاری نقصان پہنچایا، کوہلی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

روہت شرما اور سوریہ کمار یادیو نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 58 گیندوں پر 97 رنز بنائے اور ٹیم کو اچھی پوزیشن پر لے آئے۔

بھارتی کپتان نے اس شراکت کے دوران اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی تاہم جب ٹیم کا اسکور 13 ویں اوور میں 110 رنز پر پہنچا تھا تو وہ 72 رنز کی اننگز کھیل کر کارونارتنے کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

بھارت کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز سوریہ کمار تھے، جنہوں نے 34 رنز بنائے اور 119 کے اسکور پر شناکا کی وکٹ بنے۔

ہارڈک پانڈیا اور ریشبھ پانٹ نے اسکور 18 ویں اوور میں 149 تک پہنچایا تھا کہ شناکا نے سری لنکا کو ایک اور وکٹ دلائی، اس مرتبہ خطرناک بلے باز پانڈیا کو آؤٹ کیا۔

پانڈیا نے ایک چھکے کی مدد سے 17 رنز بنائے تھے، جس کے بعد دیپک ہودا 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پانٹ کی 17 رنز کی اننگز 158 کے مجموعے پر اختتام پذیر ہوئی۔

ایشون نے 7 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 15 رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور 173 رنزتک پہنچایا۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 173 رنز بنائے۔

سری لنکا کے شناکا نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، چمیکا کارونا رتنے اور داسن شناکا نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کے اوپنرز پاتھم نیسانکا اور کوشل مینڈس نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 11 اوورز میں 97 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔

پاتھم شناکا 52 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے، انہوں نے 37 گیندوں کا سامنا کرکے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 52رنز بنائے اور نئے بلے باز چاریتھ اسالینکا صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پاتھم شناکا 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو: رائٹرز
پاتھم شناکا 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو: رائٹرز

سری لنکا کی تیسری وکٹ 110 کے اسکور پر گری جب دانوشکا گونتھیلاکا ایک رن کا اضافہ کرکے ایشون کو وکٹ دے بیٹھے۔

کوشل مینڈس آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھا، جنہوں نے 37 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے شان دار 57 رنز بنائے۔

بھانوکا راجاپکسا اور کپتان داسن شناکا نے 64 رنز کی ذمہ دارانہ شراکت قائم کرتے ہوئے مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی اور میچ اپنے نام کرلیا۔

سری لنکا نے آخری اوور کی پانچویں گیند میں 4 وکٹوں پر 174 رنز بنا کر 6 وکٹوں سے میچ جیت کر فائنل میں پہنچنے کے امکانات واضح کرلیے۔

بھارت کی جانب سے یوزویندرا چاہل نے 3 اور ایشون نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کے کپتان داسن شناکا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں داسن شناکا نے ٹاس جیت کر کہا تھا کہ اس میدان میں گزشتہ 10 سے 12 میچوں میں ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیمیں جیت گئی ہیں۔

ٹیم میں کوئی تبدیلی نہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا رجحان غیرمعمولی ہے اور ردھم برقرار رکھنے کے لیے پرامید ہیں۔

دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما نے ہم ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے باؤلنگ کرتے، پچ میں کوئی خاص تبدیلی نطر نہیں آرہی ہے۔

پاکستان کے خلاف میچ کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ میچ میں ہم نے اچھا کھیلا تھا لیکن معمولی غلطی ہوئی اور اب ہمیں بہتر کرنے کا موقع ملا ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

بھارت: روہت شرما(کپتان)، کے ایل راہول، ویرات کوہلی، سوریہ کمار یادیو، ریشبھ پانٹ (وکٹ کیپر)، ہارڈک پانڈیا، دیپک ہودا، روی چندرن ایشون، بھونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ، یوزویندر چاہل

سری لنکا: داسن شناکا (کپتان)، پاتھم نیسانکا، کوشل مینڈس (وکٹ کیپر)، چاریتھ اسالینکا، دانوشکا گوناتھیکالا، بھانوکا راجاپکسے، وانیندو ہسارنگا ڈی سلوا، چمیکا کارونارتنے، مہیش تھیکشانا، آسیتھا فرنانڈو، دلشان مادشانکا

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں