انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 17 سال بعد دورہ پاکستان پر کل کراچی پہنچے گی

14 ستمبر 2022
معین علی کو انگلینڈ نے نائب کپتان مقرر کیا ہے— فائل/فوٹو: انگلینڈ کرکٹ بورڈ
معین علی کو انگلینڈ نے نائب کپتان مقرر کیا ہے— فائل/فوٹو: انگلینڈ کرکٹ بورڈ

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم جوز بٹلر کی قیادت میں ٹی20 سیریز کے لیے کل کراچی پہنچے گی جو 2005 کے بعد انگلش ٹیم کا پہلا دورہ ہوگا۔

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق جوزبٹلر کی قیادت میں 19 رکنی انگلش ٹیم 7 میچوں کی ٹی20 سیریز کھیلنے کے لیے جمعرات کو کراچی پہنچے گی۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ نے دورہ پاکستان کیلئے 19 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا

دبئی کے راستے پاکستان پہنچنے والی انگلینڈ کی ٹیم کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گای کہ مہمان ٹیم کراچی پہنچنے کے بعد کپتان جوز بٹلر مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کریں گے۔

سیریز کے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 4 ٹی20 میچ کھیلے جائیں گے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ابتدائی چاروں میچ 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔

بعد ازاں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی جہاں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 28، 30 اور 2 اکتوبر کو سیریز کے آخری تینوں میچ کھیلے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کی ٹیم سات ٹی20 میچوں کی سیریز کیلئے ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی

انگلینڈ کی ٹیم کے ہمراہ انگلش کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں، سیکیورٹی اہلکار، میڈیا سے منسلک درجنوں نمائندے اور کمنٹیٹرز بھی دو طرفہ سیریز کے لیے پاکستان آئیں گے۔

خیال رہے کہ انگلینڈ نے دورہ پاکستان کے لیے رواں ماہ کے شروع میں جوز بٹلر کی قیادت میں 19 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا تھا۔

انگلش بورڈ نے بتایا تھا کہ کپتان جوز بٹلر انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور پاکستان کا دورہ کریں گے لیکن امکان ہے کہ وہ 7 میچوں کی سیریز کے آخری مرحلے میں دستیاب ہوں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ جوز بٹلر کی غیر موجودگی میں معین علی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

انگلینڈ نےدورہ پاکستان کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں 5 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے، جن میں بلے باز جارڈن کوکس، فاسٹ باؤلر ٹام ہیلم، بلے باز ول جیکس، اولی اسٹون اور لیوک ووڈ شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف 17 سال بعد ہونے والی ہوم ٹیسٹ سیریز کا شیڈول جاری

پاکستان کا دروہ کرنے والے انگلینڈ کے اسکواڈ میں جوز بٹلر (کپتان)، معین علی (نائب کپتان)، ہیری بروک، جورڈن کوکس، سیم کیوران، بین ڈیکیٹ، لیام ڈاؤسن، رچرڈ گلیسون، ٹام ہیلم، ویل جیکس، ڈیوڈ ملان، عادل رشید، فل سالٹ، اولی اسٹون، ریس ٹاپلی، ڈیوڈ ویلی، کرس ووکس، لیوک ووڈ، مارک ووڈ شامل ہیں۔

پاک-انگلینڈ ٹی20 سیریز شیڈول

پہلا ٹی20: نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 20 ستمبر

دوسرا ٹی20: نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 22 ستمبر

تیسرا ٹی20: نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 23 ستمبر

چوتھا ٹی20: نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 25 ستمبر

پانچواں ٹی20: قذافی اسٹیڈیم لاہور، 28 ستمبر

چھٹا ٹی20: قذافی اسٹیڈیم لاہور، 30 ستمبر

ساتواں ٹی20: قذافی اسٹیڈیم لاہور، 2 اکتوبر

تبصرے (0) بند ہیں