بلوچستان: مختلف حملوں میں 4 افراد ہلاک، 5 زخمی

26 ستمبر 2022
لیویز حکام کے مطابق حملہ آوروں نے خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
لیویز حکام کے مطابق حملہ آوروں نے خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

بلوچستان کے نصیر آباد اور واشک اضلاع میں تین مختلف حملوں میں 4 افراد ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں حکام کے حوالے سے بتایا گیا کہ اتوار کے روز ہونے والے پہلے حملے میں نصیر آباد کی تحصیل چتر کے علاقے گوٹھ مندر میں نامعلوم افراد نے ایک گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 7 سالہ بچی اور ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

لیویز حکام کے مطابق حملہ آوروں نے خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ، 2 اہلکار شہید

جاں بحق اور زخمیوں کو ڈیرہ مراد جمالی کے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جن کی شناخت 7 سالہ شانیلا اور 35 سالہ سمندر علی بنگر کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمیوں میں نور جہاں، اختر علی، احمد علی، شبیلہ اور فرحان شامل ہیں۔

دریں اثنا ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں الگ الگ حملوں میں دو افراد ہلاک ہوئے۔

اسسٹنٹ کمشنر زاہد شاہوانی نے بتایا کہ تین افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے جب مسلح افراد نے فائرنگ کر کے محمد بلال نامی شخص کو قتل کر دیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں فائرنگ سے 3 کان کن جاں بحق

انہوں نے مزید کہا کہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا جاچکا ہے جبکہ لیویز فورس دیگر حملہ آوروں کی تلاش کر رہی تھی۔

دوسرا حملہ بگ کے علاقے میں ہوا جہاں مزاحمت پر ڈاکوؤں نے ٹرک ڈرائیور بدر عالم کو قتل کردیا۔

ڈاکو ایرانی تیل سے لدی مقتول کی ایرانی ساختہ زمیاد گاڑی بھی لے گئے، چاقو کے حملے میں شدید زخمی ہونے والا ڈرائیور بعد میں ہسپتال منتقل کرتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں