ٹک ٹاک نے پاکستان صارفین کی ڈیڑھ کروڑ سے زائد ویڈیو ہٹا دیں

08 اکتوبر 2022
97 فیصد ویڈیوز اپ لوڈ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اند ر حذف کر دیں گئیں— فائل فوٹو: رائٹرز
97 فیصد ویڈیوز اپ لوڈ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اند ر حذف کر دیں گئیں— فائل فوٹو: رائٹرز

ٹک ٹاک کی کمیونٹی گائیڈلائن کی خلاف ورزی کرنے پر پلیٹ فارم نے پاکستان صارفین کی ایک کروڑ 53 لاکھ 51 ہزار 388 ویڈیوز ہٹا دیں۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے سنہ 2022 کی دوسری سہ ماہی اپریل سے جون کے لیے نئی کمیونٹی گائیڈلائنز انفورسمنٹ رپورٹ جاری کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک کے وہ فیچرز جن سے بیشتر افراد واقف نہیں

یہ پلیٹ فارم پر غلط معلومات کو روکنے کےلیے کثیرالجۃتی نقطہ نظر کے ساتھ اپنی وابستگی کے اظہار کے طور پر جاری کی گئی ہے۔

سنہ 2022 کی دوسری سہ ماہی میں کمیونٹی گائڈلائنز کی خلاف ورزی کرنے پر عالمی سطح پر 11 کروڑ 3 لاکھ 51 ہزار 388 ویڈیوز ہٹائی گئی ہیں، یہ تعداد ٹک ٹاک میں اپلوڈ کی گئی تمام ویڈیوز کا ایک فیصد ہے۔

دوسری جانب کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر صرف پاکستان سے ایک کروڑ 53 لاکھ 51 ہزار 388 ویڈیوز ہٹائی گئی ہیں، ٹک ٹاک پر سب سے زیادہ ویڈیوز ہٹائے جانے کی فہرست میں پاکستان کا دوسرا نمبر ہے۔

مزید پڑھیں: ٹک ٹاک کا ’ٹک ٹاک ناؤ‘ نامی مِنی ایپ متعارف کرانے کا اعلان

تاہم ہٹائی جانے والی ویڈیو میں تقریبا 91 فیصد ویڈیوز کو 24 گھنٹوں کے اندر ہٹایا گیا جبکہ 98 فیصد ویڈیو کو ٹک ٹاک صارفین کی جانب سے رپورٹ کرنے پر حذف کیا گیا، 97 فیصد ویڈیوز کسی بھی شخص کے دیکھنے سے قبل حذف کی گئیں۔

کمیونٹی گائیڈلائن کی خلاف ورزی کرنے کے علاوہ اسپیم شدہ اکاؤنٹس کو بھی ہٹایا گیا ہے، اس کے علاوہ اِن اکاؤنٹس کی جانب سے پوسٹ کی گئی ویڈیوز کو بھی ہٹایا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں