بھارت: اجمیر میں کئی روز تک یرغمال رکھ کر دلت خاتون کا گینگ ریپ

اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2022
ڈی ایس پی اجمیر نارتھ نے کہا ملزم نے متاثرہ خاتون سے پیسے بٹورے اور دیگر لوگوں کے ساتھ دوبارہ بھی اس کا ریپ کیا — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
ڈی ایس پی اجمیر نارتھ نے کہا ملزم نے متاثرہ خاتون سے پیسے بٹورے اور دیگر لوگوں کے ساتھ دوبارہ بھی اس کا ریپ کیا — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

پولیس نے بتایا ہے کہ بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع اجمیر میں 25 سالہ دلت خاتون کو مردوں کے ایک گروہ نے مبینہ طور پر گینگ ریپ کا نشانہ بنایا جب کہ اس گھناؤنے جرم میں شامل لوگوں میں ایک پنڈت بھی تھا۔

بھارتی خبر رساں ادارے ’انڈین ایکسپریس’ کی رپورٹ کے مطابق پولیس کے مطابق ملزم سنجے شرما متاثرہ لڑکی کا خاندانی پنڈت تھا جو اہل خانہ کی مذہبی عبادات میں ادائیگی کے سلسلے میں رہنمائی کرتا تھا۔

شکایت کے مطابق ملزم نے خاتون کو گھر میں اکیلا پاکر اس کا ریپ کیا اور اس کی ویڈیو بھی بنائی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: خاتون کے 'گینگ ریپ' کی ویڈیو وائرل، ملزمان کے خلاف مقدمہ

ڈی ایس پی اجمیر نارتھ چھوی شرما نے کہا کہ بعد میں ملزم نے متاثرہ خاتون سے پیسے بھی بٹورے اور دیگر لوگوں کے ساتھ دوبارہ اس کا ریپ کیا۔

ڈی ایس پی نے بتایا کہ ملزم نے متاثرہ لڑکی کو بیہوشی کی دوائیں دی اور خاتون یہ بتانے سے قاصر ہے کہ اس گھناؤنے فعل میں کتنے لوگ ملوث تھے۔

درندگی کا نشانہ بنائی گئی خاتون کے بچے بھی ہیں جس نے اپنی شکایت میں بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ میں اس کا متعدد مرتبہ ریپ کیا گیا اور ملزمان نے اسے یرغمال بنا رکھا تھا۔

مزید پڑھیں: بھارت: ہر 15 منٹ میں ایک خاتون کا ریپ

پولیس نے بتایا کہ ملزم نے خاتون کے بچوں اور شوہر کو قتل کرنے اور اس کی ویڈیوز کو پبلک میں وائرل کرنے کی دھمکی دی تھی۔

شکایت گزار نے کہا کہ جب وہ ملزمان کی قید میں تھی، ملزم نے اسے بیہوشی کا انجکشن لگایا، جب وہ گھر نہیں لوٹی تو متاثرہ خاتون کے شوہر نے گمشدگی کی شکایت درج کرائی جس کے بعد ملزم نے اسے 27 ستمبر کو تھانے کے باہر چھوڑ دیا۔

ڈی ایس پی اجمیر نارتھ چھوی شرما نے بتایا کہ شکایت کی بنیاد پر 7 اکتوبر کو ایف آئی آر درج کی گئی تھی اور ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے، متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ کرا لیا گیا ہے اور بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں