سہ ملکی سیریز: پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ سے شکست

اپ ڈیٹ 11 اکتوبر 2022
فن ایلن نے چھ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 42 گیندوں پر 62 رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی
فن ایلن نے چھ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 42 گیندوں پر 62 رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ میں کھیلی جا رہی سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں نیوزی لینڈ نے فن ایلن اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کچھ اچھا ثابت نہ ہو سکا۔

اوپنرز نے ٹیم کو 30 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد رضوان کی 17 گیندوں پر 16 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

شان مسعود نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ مل کر اسکور کو 54 تک پہنچایا لیکن وہ بھی صرف 14 رنز بنانے میں ہی کامیابی ہو سکے۔

گزشتہ میچ میں جارحانہ بیٹنگ کرنے والے شاداب خان اس میچ میں صرف آٹھ رنز بنا سکے لیکن پاکستان کو سب سے بڑا دھچکا اس وقت لگا جب کپتان بابر اعظم صرف رنز بنا کر اسپنر مائیکل بریسویل کی دوسری وکٹ بن گئے۔

جب نوجوان حیدر علی آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کی ٹیم 77 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا کر شدید مشکلات سے دوچار تھی۔

اس مرحلے پر افتخار احمد کا ساتھ دینے آصف علی آئے اور دونوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے آہستہ آہستہ اسکور میں اضافے کا سلسلہ شروع کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 51 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی معقول مجموعے تک رسائی یقینی بنانے کی کوشش کی لیکن میزبان باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب دونوں ہی کھلاڑی جارحانہ کھیل پیش کرنے سے قاصر رہے۔

افتخار 27 گیندوں پر اتنے ہی رنز بنانے کے بعد ٹم ساؤدھی کی وکٹ بنے جبکہ نواز پہلے ہی گیند پر کیوی فاسٹ باؤلر کا شکار بن گئے۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے، آصف علی نے 20 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریسویل نے شاندار نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے چار اوور کے کوٹے میں 11 رنز دینے کے ساتھ ساتھ رضوان اور بابر کی وکٹیں حاصل کیں جبکہ مچل سینٹنر اور ٹم ساؤدھی نے بھی دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز بالخصوص فن ایلن نے جارحانہ انداز اپنایا اور 117 رنز کا آغاز فراہم کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔

مائیکل بریسویل نے چار اوورز کے کوٹے میں صرف 11 رنز دیے— فوٹو: اے ایف پی
مائیکل بریسویل نے چار اوورز کے کوٹے میں صرف 11 رنز دیے— فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ کے برعکس پاکستان کے کپتان نے پاور پلے میں اسپنرز متعارف نہ کرائے جس کا میزبان بلے بازوں نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پاور پلے میں 57 رنز بٹورے۔

فن ایلن نے چھ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 42 گیندوں پر 62 رنز بنائے اور جب وہ شاداب کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کو میچ میں فتح کے لیے صرف 14 رنز درکار تھے۔

مزید پڑھیں: سہ ملکی ٹی20 سیریز : پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

میزبان ٹیم نے 23 گیندوں قبل ہی صرف ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے 9 وکٹوں سے فتح سمیٹنے کے ساتھ ساتھ فائنل تک رسائی کی امیدیں بھی روشن کر لی ہیں۔

اسپنر مائیکل بریسویل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں