انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں کمی، 219 روپے 30 پیسے کا ہوگیا

اپ ڈیٹ 25 اکتوبر 2022
ظفر پراچا نے توقع ظاہر کی کہ ڈالر کی قیمت مستقبل میں 200 روپے سے بھی نیچے آسکتی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
ظفر پراچا نے توقع ظاہر کی کہ ڈالر کی قیمت مستقبل میں 200 روپے سے بھی نیچے آسکتی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں ایک روپے کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد اس کی قیمت 219 روپے 30 پیسے ہوگئی۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ نرخوں کے مطابق دوپہر ایک بجے مقامی کرنسی 219.30 روپے فی ڈالر میں تبدیل ہو رہی تھی، جو کل 220.41 روپے کی سطح پر بند ہونے کے مقابلے میں 1.11 روپے یا 0.5 فیصد زیادہ ہے۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ای سی ای پی) کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچا نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے امداد ملنے، درآمدی بل اور کرنٹ خسارے میں کمی کی وجہ سے ڈالر نیچے آنا شروع ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ سیلاب متاثرین کیلئے 1.5 ارب ڈالر قرض معاہدے پر دستخط

انہوں نے امید ظاہر کی کہ دوست ممالک سے بھی آئندہ ماہ تک 4 ارب ڈالر مل جائیں گے جس سے روپیہ مزید مضبوط ہوگا۔

ظفر پراچا نے توقع ظاہر کی کہ ڈالر کی قیمت مستقبل میں 200 روپے سے بھی نیچے آسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ڈالر کی قیمت میں جو اضافہ ہوا وہ درآمدات کی ادائیگیوں کا دباؤ تھا، اس کے علاوہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار فرانس بھی جارہے جہاں سے اچھی خبریں آنے کی امید ہے۔

مالیاتی اعداد و شمار اور تجزیاتی پورٹل میٹس گلوبل کے ڈائریکٹر سعد بن نصیر نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے ڈیڑھ ارب ڈالر ملنے کے معاہدے اور وزیر اعظم کے چین کے متوقع دورے میں بھی قرضوں کی ری شیڈولنگ کے ساتھ نئے منصوبے پر معاہدے متوقع ہیں جس کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی، انٹربینک میں روپیہ مزید تگڑا ہوگیا

خیال رہے کہ ایک روز قبل ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے بجٹ کو سپورٹ کرنے اور تباہ کن سیلاب کے بعد متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ معاہدے پر دستخط کردیے تھے۔

دوسری جانب چیئرمین فاریکس ایسوسی ایشن پاکستان (ایف اے پی) ملک بوستان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران 12 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے جو آئل ریفائنری سمیت دیگر شعبوں میں ہوگی۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین سے بھی سی پیک کے منصوبوں کی مد میں 12 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی امید ہے جبکہ اے ڈی بی سے بھی آئندہ ماہ رقم مل جائے گی جس کا مثبت اثر روپے کو مضبوط اور ڈالر کی قیمت کو کم کرے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں