ٹی20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

شائع October 25, 2022
مارکس اسٹوئنس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا—فوٹو: اے ایف پی
مارکس اسٹوئنس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا—فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ گروپ ون کے میچ میں دفاعی چمپیئن آسٹریلیا نے اسٹوئنز کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور پہلی وکٹ 6 اسکور پر حاصل کرلی۔

سری لنکا نے پہلی وکٹوں 6 رنز پر گرنے کے بعد دوسری وکٹ میں ایک شراکت کے باعث اسکور 75 رنز تک پہنچایا تاہم اوپنر پاتھم نسانکا اور دھنانجیا ڈی سلوا نے سست بیٹنگ کی۔

دھنانجیا ڈی سلوا 23 گیندوں پر 26 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے۔

پاتھم نسانکا نے 45 گیندوں کا سامنا کرکے 2 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے اور 97 کے مجموعے پر رن آؤٹ ہوئے۔

چاریتھا اسالینکا نے 25 گیندوں پر آؤٹ ہوئے بغیر 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے جبکہ دوسرے اینڈ سے بھانوکا راجاپکسے 7، کپتان داسن شناکا 3 اور وانیندو ہسارنگا ڈی سلوا ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

چمیکا کارونا رتنے اختتامی لمحات میں 7 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔

سری لنکا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 157 رنز بنا سکی۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ، پیٹ کمنز، مچل مارش، ایشٹن ایگر اور گلین میکسویل نے ایک،ایک وکٹ اپنے نام کی۔

سری لنکا نے مضبوط آسٹریلوی بیٹنگ کے لیے شروع مشکل پیدا کرنے کی پوری کوشش کی اور 26 کے اسکور ڈیوڈ وانر کی اننگز کا خاتمہ کردیا، جنہون نے 10 گیندوں پر 11 رنز بنائے تھے۔

مچل مارش نے 18 رنز بنا کر 60 کے اسکور تک کپتان کا ساتھ دیا لیکن ڈی سلوا نے انہیں مزید موقع نہیں دیا۔

گلین میکسویل نے 12 گیندوں پر 23 رنز بنائے تاہم کارونارتنے کی گیند پر متبادل فیلڈر بندارا کا کیچ بنے جبکہ دوسرے اینڈ سے کپتان نے سست مگر ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ جاری رکھی۔

مارکس ایسٹوئنس نے چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور سری لنکن باؤلرز کو پریشان کردیا، انہوں نے 18 گیندوں میں 4 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 59 رنز بنائے۔

آسٹریلیا نے مقررہ ہدف 17 ویں اوور کی تیسری گیند پر 3 وکٹوں کے عوض 158 رنز بنا کر حاصل کرلیا۔

مارکس اسٹوئنس کو جارحانہ بیٹنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دے دیا گیا۔

آسٹریلیا نے اس فتح کے باوجود گروپ ون کے پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا سے آگے نہیں جاسکی تاہم دو اہم پوائنٹس حاصل ہوگئے ہیں۔

دفاعی چمپیئن آسٹریلیا کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ سری لنکا نے آئرلینڈ کو شکست دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024