انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمران خان، خیبرپختونخوا کے وزیر طلب

29 اکتوبر 2022
ای سی پی نے کارروائی ٓڈی ایم او کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد کی —فائل فوٹو: اے پی پی
ای سی پی نے کارروائی ٓڈی ایم او کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد کی —فائل فوٹو: اے پی پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کو این اے-45 کرم میں بار بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر یکم نومبر کو طلب کر لیا ہے۔

ان کے علاوہ خیبرپختونخوا کے ایک وزیر کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے اور انہیں بھی یکم نومبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق باخبر ذرائع نے بتایا کہ انہیں نوٹس کے ذریعے متنبہ کیا گیا ہے کہ امیدوار کو نااہل قرار اور صوبائی وزیر کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن ایکٹ کے باب 10 کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کی عمران خان کے حق میں دیے گئے احکامات کالعدم قرار دینے کی استدعا

ای سی پی کی جانب سے کارروائی ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر (ڈی ایم او) عبدالرؤف خان کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد کی گئی ہے۔

رپورٹ میں کمیشن کو بتایا کہ کے پی کے وزیر برائے ریلیف اور آبادکاری محمد اقبال پر ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باعث 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا جو جمع نہیں کرایا گیا۔

صوبائی وزیر کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے جو حلقے سے الیکشن لڑیں گے، رپورٹ میں وزیر پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ آئندہ ضمنی انتخاب کو متاثر کرنے کے لیے سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: توہین الیکشن کمیشن: عمران خان سمیت دیگر پارٹی رہنما ذاتی حیثیت میں دوبارہ طلب

آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت الیکشن کمیشن کا فرض ہے کہ وہ انتخابات کا انعقاد کرے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری انتظامات کرے کہ انتخابات ایمانداری، آزادانہ، منصفانہ اور قانون کے مطابق ہوں ساتھ ہی ان کی کرپٹ پریکٹسز سے حفاظت کی جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں