ڈیرہ اسماعیل خان: شادی کی تقریب سے واپسی پر چیئرمین سینیٹ کی گاڑی کو حادثہ

اپ ڈیٹ 31 اکتوبر 2022
حادثے کے دوران صادق سنجرانی کو کوئی نقصان نہیں ہوا — فائل فوٹو: ڈان نیوز
حادثے کے دوران صادق سنجرانی کو کوئی نقصان نہیں ہوا — فائل فوٹو: ڈان نیوز

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی گاڑی شادی کی تقریب سے واپسی پر حادثے کا شکار ہو گئی تاہم وہ حادثے میں محفوظ رہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق حادثہ 30 اکتوبر کو پیش آیا جب گاڑی کا ہائیڈرولک بریک سسٹم خراب ہونے کے باعث گاڑی نے اپنا کنٹرول کھو دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ-کراچی شاہراہ پر ٹریفک حادثہ، چیئرمین سینیٹ کے بھائی جاں بحق

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ حادثے کے دوران صادق سنجرانی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور وہ دوسری گاڑی میں گھر روانہ ہوگئے۔

چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ وفاقی وزیر طلحہٰ محمود اور سینیٹر عبدالغفور حیدری بھی موجود تھے۔

شادی کی تقریب میں دلہے نے بھائی کو قتل کردیا

دوسری جانب پنجاب میں کاڈی کھیسر پولیس اسٹیشن کے قریب گاؤں خانوکھیل میں 29 اکتوبر کو شادی کی تقریب کے دوران دلہے نے چاقو سے حملہ کرکے اپنے بھائی کو قتل کردیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دلہے کا اپنے بھائی سے کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ دلہا محمد شاہد اور اس کے بھائی محمد زاہد کے درمیان کسی بات پر ہاتھا پائی ہوئی تھی، بعد ازاں دلہا نے پستول نکالی لیکن اہل خانہ کے منع کرنے پر دلہے نے پستول واپس رکھ لی۔

مزید پڑھیں: جہیز میں موٹر سائیکل اور سونے کی چین مانگنے والے دولہا کو لڑکی والوں نے گنجا کردیا

تاہم کچھ دیر بعد دلہے نے اپنے 16 سالہ بھائی پر چاقو سے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا، زخمی شخص کو ضلع ڈیرہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

پولیس کے مطابق دلہا فرار ہوگیا ہے اور بعد ازاں پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں