آج تک ہم لڑکے والوں کی طرف سے بھاری جہیز کے مطالبے پر لڑکیوں کے گھر والوں کو پیش آنے والی مشکلات کی داستانیں ہی سنتے آئے ہیں لیکن اب ایسا واقعہ سننے میں آیا جس میں ڈیمانڈ کے مطابق جہیز نہ ملنے پر شادی سے انکار کرنے والے دولہا کی لڑکی والوں نے درگت بنادی۔

بھارتی شہر لکھنؤ میں دلہن کے گھر والوں نے جہیز کامطالبہ پورا نہ کرنے پر شادی سے انکار کرنے والے دولہے کو آدھا گنجا کردیا۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق دولہے نے دلہن کے گھر والوں سے جہیز میں موٹر سائیکل اور سونے کی چین دینے کا مطالبہ کیا تھا لیکن لڑکی کے گھر والوں نے اس سے انکار کردیا۔

جس پر دولہے نے شادی کرنے سے ہی انکار کردیا، انکار سن کر دلہن کے گھر والے طیش میں آگئے اور دولہا کو پکڑ کر اسے کمرے میں بند کیا جس کے بعد اس کے سر کے آدھے بال اڑا دیے۔

اس بارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دولہا کا کہنا تھا کہ لڑکی کے گھر والوں نے جہیز میں پیسے اور سونے کی چین دینے کا وعدہ کیا تھا جب ہم نے ان سے وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کیا تو ہمارے ساتھ برا سلوک کیا گیا۔

لڑکی کی والدہ کا کہنا تھا کہ جہیز میں 30 ہزار روپے مالیت کی سونے کی چین کا مطالبہ شادی والے دن کیا گیا جس کو پورا نہ کرنے پر لڑکے نے شادی سے انکار کردیا تھا۔

صورتحال کشیدہ ہونے پر دلہن کے گھر والوں نے پولیس کو بھی بلا لیا جنہوں نے بات چیت کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوسکا۔

جس کے بعد دولہا اور اس کے گھر والوں کو پولیس اسٹیشن لے جایا گیا تاہم ان کے خلاف تحریری درخواست نہ ہونے کی وجہ سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

مذکورہ واقعے کی روداد سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوگئی جس میں اکثریت نے دلہن کے گھر والوں کی ہمت کو سراہا ۔

اس کے ساتھ کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ جہیز مانگنے پر لڑکا اسی سلوک کا ’مستحق‘ تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں