معروف ڈراما نگار اور لکھاری خلیل الرحمٰن قمر نے حال ہی میں بتایا کہ ان کے مقبول ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کی کہانی کو کتابی صورت میں جلد ہی شائع کیا جائے گا، جس پر مداحوں نے ان سے ڈرامے کی کلپس بھی ساتھ میں دینے کا مطالبہ کردیا۔

’میرے پاس تم ہو‘ کو 2019 میں اے آر وائی پر نشر کیا گیا تھا اور اس کی آخری قسط سینماؤں میں دکھائی گئی تھی۔

اس ڈرامے میں ہمایوں سعید، عائزہ خان اور عدنان صدیقی نے مرکزی کردار نبھائے جبکہ حرا مانی، سویرا ندیم، انوشے عباسی، مہر بانو، سید محمد احمد اور رحمت اجمل نے اہم کردار نبھائے۔

یہ بھی پڑھیں: 'میرے پاس تم ہو' کی آخری قسط سینما گھروں میں بھی دکھانے کا اعلان

’میرے پاس تم ہو‘ کی کہانی شادی شدہ جوڑوں کے گرد گھومتی ہے، ڈرامے میں ایک شادی شدہ خاتون کو دوسرے شادی شدہ مرد کے ساتھ تعلقات استوار کرتے ہوئے اور اپنے شوہر سے طلاق حاصل کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

ڈرامے کو اس کی کہانی اور اس میں خواتین کے حوالے سے نامناسب ڈائلاگز کی وجہ سے جہاں پسند کیا گیا، وہیں اس پر خوب تنقید بھی کی گئی۔

پہلے یہ قیاس آرائیاں بھی تھیں کہ ڈرامے کا سیکوئل بنایا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آ سکی لیکن اب ڈراما نگار نے بتایا ہے کہ ان کے ڈرامے کے اسکرپٹ کو کتابی صورت میں شائع کیا جا رہا ہے۔

خلیل الرحمٰن قمر نے اپنی ٹوئٹ میں کتاب کا ٹائٹل پیج شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے ڈرامے کی کہانی کو آئندہ ماہ دسمبر میں شائع کردیا جائے گا۔

ان کے مطابق کتاب دسمبر کے پہلے ہفتے میں سامنے آجائے گی، جسے خریدنے کے لیے لوگ ابھی سے ہی بکنگ کروا سکتے ہیں۔

خلیل الرحمٰن قمر کی جانب سے ٹوئٹ کیے جانے کے بعد لوگوں نے اس پر کمنٹس کرتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا کہ اب وہ خواتین کے موضوعات سے نکل کر ملکی حالات پر بھی لکھیں۔

کچھ لوگوں نے انہیں مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ محبت کے علاوہ بھی اور مسائل ہیں اور خواتین کی کہانیوں سے نکل کر اب ملکی سیاست اور حالات پر بھی لکھیں۔

اسی طرح بعض افراد نے ان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ کیا وہ مرد حضرات کی مجبوریوں سے نکل کر خواتین کے لیے بھی کچھ اچھا لکھیں گے؟

لوگوں نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ اپنی کہانیوں میں خواتین کو مضبوط اور بہتر کرداروں میں دکھائیں گے؟

اسی طرح بعض لوگوں نے خلیل الرحمٰن سے مطالبہ کیا کہ وہ کتاب کے ساتھ میرے پاس تم ہو کی ویڈیو کلپس بھی دیں، کیوں کہ ان ہی سے مزہ آئے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں