عمران خان کے بیٹے ان سے ملنے لندن سے لاہور پہنچ گئے

اپ ڈیٹ 10 نومبر 2022
عمران خان کے دونوں بیٹے لاہور پہنچ گئے —فوٹو: ٹوئٹر
عمران خان کے دونوں بیٹے لاہور پہنچ گئے —فوٹو: ٹوئٹر

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے دونوں بیٹے قاسم خان اور سلیمان خان اپنے والد کی تیمارداری کے لیے برطانیہ سے لاہور پہنچ گئے۔

پی ٹی آئی لاہور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کیا کہ چیئرمین عمران خان کے دونوں بیٹے قاسم اور سلیمان خان لاہور پہنچ گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے لاہور ایئرپورٹ پر دونوں کا استقبال کیا اور دونوں بھائی زمان پارک میں مقیم اپنے والد کی تیمارداری کے لیے روانہ ہوئے۔

خیال رہے کہ 4 اکتوبر کو پنجاب کے ضلع وزیر آباد میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں عمران خان سمیت سینیٹر فیصل جاوید خان، احمد چٹھہ اور عمر مائر زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی بیٹوں کے ساتھ یادگار تصاویر

مسلح شخص کی فائرنگ سے عمران خان ٹانگوں میں گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے تھے جن کو علاج کے لیے لاہور میں شوکت خان ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

شوکت خانم ہسپتال میں علاج کے بعد وہ اس وقت زمان پارک میں اپنے گھر میں مقیم ہیں جہاں ان کی صحت میں بہتری آرہی ہے اور لانگ مارچ جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔

برطانوی ٹیلی ویژن کی میزبان پیرس مورگن کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا تھا کہ جب بیٹوں کو حملے کا پتا چلا تو وہ بہت پریشان ہوگئے تھے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ 2 گھنٹے بعدجیسے ہی میں ہسپتال پہنچا، میں نے اپنے بیٹوں سے بات کی اور اپنی سابقہ بیوی سے بھی گفتگو کی جو کافی پرسکون تھی لیکن میرے بیٹے کافی پریشان تھے اور مجھے امید ہے کہ جلد ہی ان سے ملاقات ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ ان کے بڑے صاحبزادے (سلیمان) نے ہمیشہ سیاست میں آنے کے ان کے فیصلے کی مخالفت کی، انہوں نے کہا کہ جب مجھے گولی ماری گئی تو وہ کافی پریشان تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں