ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان فائنل میں انگلینڈ کے خلاف 1992 کی تاریخ دہرانے کیلئے تیار

اپ ڈیٹ 13 نومبر 2022
جوز بٹلر اور بابراعظم ٹی20 ورلڈ کپ کی ٹرافی کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گے— فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
جوز بٹلر اور بابراعظم ٹی20 ورلڈ کپ کی ٹرافی کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گے— فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر

ٹی20 ورلڈ کپ 2022 میں پاکستان اور انگلینڈ فائنل میں آج مدمقابل ہوں گے جہاں قومی ٹیم اسٹار بلے باز بابر اعظم کی قیادت میں 1992 کے ورلڈ کپ کی تاریخ دہرانے کا عزم لیے آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں اترے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں آسٹریلیا کے اسی مشہور میلبرن کرکٹ گراؤنڈ پہنچ چکی ہیں جہاں پاکستان نے 25 مارچ 1992 کو عمران خان کی قیادت میں انگلینڈ کو شکست دے کر پہلا ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

دونوں ٹیمیں آٹھویں ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دے چکی ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے لیے 9 کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ ہے، جن میں پاکستان کے شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، انگلینڈ کے سیم کیوران، جوز بٹلر اور الیکس ہیلز بھی شامل ہیں۔

پاکستان کو بیٹنگ کے شعبے میں مسلسل مشکلات کا سامنا رہا ہے جہاں کپتان بابر اعظم اور تجربہ کار محمد رضوان ٹیم کے لیے بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے جبکہ دوسری جانب انگلینڈ کے بلے بازوں نے اچھی کارکردگی دکھائی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں ویرات کوہلی 296 رنز بنا کر سرفہرست ہیں، انگلینڈ کے الیکس ہیلز 211 رنز بنا کر چھٹے اور جوز بٹلر 199 رنز کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کا کوئی بلے باز 10 سرفہرست کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فائنل میں بارش کا اندیشہ، آئی سی سی نے قواعد میں تبدیلی کردی

پاکستان کو بیٹنگ کے شعبے میں مسلسل مشکلات کا سامنا رہا ہے، گرین شرٹس کے لیے اب تک سب سے کامیاب بلے باز محمد رضوان رہے، جو 160 رنز کے ساتھ 16 ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ شان مسعود 137 رنز بنا کر 21 ویں، افتخار احمد 114 رنز بنا کر 33 ویں نمبر پر موجود ہیں، پاکستانی کپتان بابر اعظم نے 6 میچوں میں 15.33 کی اوسط سے محض 92 رنز بنائے ہیں اور 49ویں نمبر پر ہیں۔

ورلڈ کپ ٹی 20 میں باؤلنگ کی کارکردگی کے حوالے سے سری لنکا کے ہسارنگا 15 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، انگلینڈ کے سیم کیوران، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے 10، 10 وکٹیں حاصل کی ہیں اور وہ بالترتیب 8، 10 اور 11 نمبر پر ہیں۔

دی اسپورٹس رش کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اب تک 28 ٹی 20 میچز کھیلے گئے ہیں، ان مقابلوں میں اب تک انگلش ٹیم کا پلڑا بھاری ہے، جس نے 18 میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان صرف 9 میچ جیت سکا ہے۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں اب تک پاکستان اور انگلینڈ صرف دو مرتبہ مدمقابل آئے تاہم دونوں میچوں میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دی، 2010 میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا،جس کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ 2009 میں انگلینڈ نے 48 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اوسط 154 رنز کیے ہیں جبکہ انگلش ٹیم نے گرین شرٹس کے خلاف اوسطاً 161 رنز اسکور کیے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستانی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف 1992 کی فتح سے تحریک مل رہی ہے، ہیڈن

پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف سب سے زیادہ 560 رنز بابر اعظم نے بنائے ہیں جبکہ انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ملان نے 291 رنز بنا رکھے ہیں۔

پاکستان کے حارث رؤف انگلینڈ کے خلاف 14 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر ہیں جبکہ عادل رشید نے 17 وکٹیں لے رکھی ہیں۔

اسپورٹس لومو کی رپورٹ کے مطابق میلبرن کرکٹ گراؤنڈ پر کل 20 ٹی20 انٹرنیشنل میچ کھیلے گئے ہیں جہاں پہلی اننگز کا اوسط اسکور 140 رنز اور دوسری اننگز کا 129 رنز ہے۔

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں نے 8 جبکہ پہلے باؤلنگ کرنے والی ٹیموں نے 11 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

اسی گراؤنڈ پر 2008 میں بھارت کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 74 رنز کے کم ترین رنز بنا سکی تھی۔

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ پر سب سے کم رنز (127 ) کا دفاع آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف 2010 میں کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ فائنل: جیت کس کی ہوگی؟ پاکستان، انگلینڈ یا بارش؟

گرین شرٹس نے 2009 میں سری لنکا کو شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا، انگلینڈ نے 2010 کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف کامیابی حاصل کر کے چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

ویسٹ انڈیز واحد ٹیم ہے جس نے 2 مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا ہے جبکہ بھارت، سری لنکا اور آسٹریلیا نے ایک، ایک بار ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں