پہلی فلم کی شوٹنگ کے دوران مرد اداکار کے ساتھ ’گندا‘ جھگڑا ہوگیا تھا، نورا فتیحی

24 نومبر 2022
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مراکشی نژاد بولی وڈ ڈانسر و اداکارہ نورا فتیحی نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں جب وہ اپنی پہلی فلم کی شوٹنگ کر رہی تھیں تو ان کا مرد اداکار کے ساتھ جھگڑا ہوگیا اور دونوں نے ایک دوسرے کو تھپڑ رسید کردیے۔

نورا فتیحی نے 2014 میں ریلیز ہونے والی بولی وڈ اینیمل ہارر فلم ‘رور: ٹائیگرز آف سندربنس‘ سے بھارت میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

مذکورہ فلم کی شوٹنگ بنگلہ دیش میں کی گئی تھی، تاہم اداکارہ کو بعد ازاں تامل، تیلگو اور ملیالم فلموں کے گانوں پر پرفارمنس کرنے کی وجہ سے شہرت ملی۔

نورا فتیحی کو بھارت میں ادکارہ کے برعکس بطور ڈانسر کافی شہرت حاصل ہے اور انہوں نے متعدد فلموں میں آئٹم سانگس پر شاندار پرفارمنس کر رکھی ہے، تاہم انہوں نے چند فلموں میں اداکاری بھی کی ہے۔

جلد ہی وہ آیوشمن کھرانہ کی فلم ’این ایکشن ہیرو‘ میں بھی مختصر کردار میں دکھائی دیں گی اور مذکورہ فلم کی تشہیر کے لیے حال ہی میں وہ کپل شرما کے شو میں شریک ہوئیں۔

نورا فتیحی نے شو کے دوران انکشاف کیا کہ ان کی پہلی فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی ساتھی مرد اداکار کے ساتھ انتہائی ’گندا‘ جھگڑا ہوگیا تھا۔

اداکارہ و ڈانسر نے بتایا کہ جب وہ بنگلہ دیش کے مقام ’سندربن‘ میں فلم کی شوٹنگ کر رہی تھیں تو ان کا ساتھی اداکار کے ساتھ جھگڑا ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھی اداکار بہت بدتمیز تھے، جس وجہ سے انہوں نے اداکار کو تھپڑ رسید کردیا، جس پر بدلے میں اداکار نے بھی انہیں تھپڑ مارا۔

نورا فتیحی کا کہنا تھا کہ انہوں نے دوبارہ بھی اداکار کو تھپڑ مارا لیکن اداکار بھی پیچھے نہیں ہٹے اور انہوں نے بھی اداکارہ کو دوسری مرتبہ تھپڑ رسید کردیا۔

ڈانسر کے مطابق اس کے بعد انہوں نے مرد اداکار کے بالوں کو پکڑا اور کھینچا اور ان کے درمیان انتہائی ’گندا‘ جھگڑا ہوگیا، جس پر ہدایت کار کو ان کے درمیان آکر صلح کروانی پڑی۔

انہوں نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے ہنستے ہوئے اداکار کو بددعائیں بھی دیں اور کہا کہ وہ ’کتا‘ تھا۔

اگرچہ نورا فتیحی نے بتایا کہ ان کا جھگڑا ساتھی اداکار کے ساتھ ہوا تھا، تاہم انہوں نے اداکار کا نام نہیں بتایا اور نہ ہی انہوں نے جھگڑے کا سبب بتایا۔

ان کے ساتھ پہلی فلم میں ابھیناو شکلا، آرن چوہدری، سبارتا دتہ، پرانے ڈکشٹ اور علی قلی مرزا جیسے اداکاروں نے کام کیا تھا۔

نورا فتیحی کی جانب سے ماضی میں ساتھی اداکار کے ساتھ جھگڑے کی بات بتانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور مداحوں نے ان کی بات پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔

تبصرے (0) بند ہیں