قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ملتان ٹیسٹ میں اچھی وکٹ کی توقع

07 دسمبر 2022
بابراعظم نے کہا کہ توقع ہے ملتان میں اسپنرز کو مدد ملے گی—فوٹو: پی سی بی
بابراعظم نے کہا کہ توقع ہے ملتان میں اسپنرز کو مدد ملے گی—فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو انگلینڈ کے خلاف ملتان میں دوسرے ٹیسٹ میں بہتر پچ کی توقعات جہاں جمعے کو میچ شروع ہوگا۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے پچ بہتر ہوگی، راولپنڈی میں ہمیں اسپن پچ درکار تھی، میں نے اپنی رائے دی تھی لیکن بدقسمتی سے وہ نہیں ہوا جیسے منصوبہ بنایا گیا تھا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ ٹاس جیت کر بیٹنگ وکٹ کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور اور پہلی اننگز میں 4 بلے بازوں سے سنچریاں بنائیں اور میچ آخری روز 74 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔

پہلے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر ایک ہزار 768 رنز بنے تھے جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا تیسرا بڑا مجموعہ ہے اور دونوں ٹیموں کے 7 بلے بازوں نے سنچریاں اور 5 نصف سنچریاں بنائی تھیں۔

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ملتان میں کھیلا جائے گا جہاں گزشتہ 16 برس سے کوئی ٹیسٹ نہیں ہوا لیکن حالیہ ڈومیسٹک میچوں کو دیکھا جائے تو اسپین باؤلرز کو مدد ملنے کا امکان ہے۔

ملتان اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آخری فرسٹ کلاس میچ میں یاسر شاہ نے دونوں اننگز مین 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ پاکستان کی جانب سے پہلے میچ میں لیگ اسپنر زاہد محمود نے 319 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کی تھی جو ان کے کیریئر کا پہلا میچ تھا اور دوسرے ٹیسٹ میں ان کی شمولیت کے امکانات کم ہیں۔

سیلیکٹرز زاہد محمود کی جگہ محمد نواز یا ابرار احمد کو ٹیم کا حصہ بنا سکتے ہیں، ابرار احمد نے تاحال ٹیسٹ ڈیبو نہیں کیا۔

پاکستان کو فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی انجری کے باعث ایک اور دھچکا لگا ہے جہاں حسن علی کو ان کی جگہ شامل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ اس سے قبل شاہین شاہ آفریدی بھی انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہیں۔

دوسری جانب انگلینڈ کو بھی انجری مسائل کا سامنا ہے اور وکٹ کیپر لیام لیونگسٹن کی جگہ ممکنہ طور پر بین فاؤکس کو بلایا جائے گا کیونکہ وکٹ کیپر گھٹنے کی انجری کے باعث واپس جا رہے ہیں۔

انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ملتان کے حالات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی جارحانہ کرکٹ جاری رکھنا کا عزم ظاہر کیا ہے اور اس کو ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن مکم کولم کے عرف ’بیز بال‘ برانڈ قرار دیا۔

پنڈی ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد اسٹوکس نے کہا تھا کہ ہم تمام میچز جیتنے کے لیے کھیلیں گے، رواں برس مئی میں مکم کولم کے کوچ بننے کے بعد انگلینڈ نے 8 میں سے 7 میں کامیابی حاصل کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ہر وقت کارآمد نہیں ہوتا لیکن اگر آپ بہادر ہیں تو کچھ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں اور اسی طرح کھیلیں تو ہارنے کے باوجود دلچسپ ضرور ہوتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملتان میں موسم کی صورت حال بھی ایک وجہ ہوسکتی ہے۔

حکومت پنجاب نے اگلے چند ماہ کے لیے دھند کا الرٹ جاری کیا ہے اور اسی دوران دوسرا ٹیسٹ کھیلا جائے گا۔

ٹیمیں

پاکستان: بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان، امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، محمد علی، فہیم اشرف، محمد نواز، نعمان علی، سعود شکیل، زاہد محمود، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، آغا سلمان، سرفراز احمد، ابرار احمد، شان مسعود

انگلینڈ: بین اسٹوکس (کپتان)، جیمز اینڈرسن، ہیری بروکس، زیک کراؤلی، بین ڈکیٹ، بین فاؤکس، ول جیکس، کیٹون جیننگز، جیک لیچ، جیمی اوورٹن، اولی پوپ، اولی رابنسن، جو روٹ، مارک ووڈ، ریحان احمد

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں