صبا فیصل نے بہو پر الزامات کی ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں

09 دسمبر 2022
سینیئر اداکارہ نے تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں—فوٹو: انسٹاگرام
سینیئر اداکارہ نے تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں—فوٹو: انسٹاگرام

سینیئر اداکارہ صبا فیصل نے بیٹے سلمان فیصل کی جانب سے اہلیہ کی طرف داری کیے جانے کے بعد بہو پر الزامات لگانے کی ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں۔

صبا فیصل نے ایک روز قبل بہو نیہا ملک پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے بہو اور بیٹے سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔

صبا فیصل نے واضح کیا تھا کہ اب ان کا اور پورے خاندان کا ان کے بیٹے سلمان سے کوئی تعلق نہیں۔

صبا فیصل نے بہو نیہا ملک پر سنگین الزامات عائد کرتےہوئے کہا تھا کہ جس بھی گھر میں نیہا ملک جیسی عورت جاتی ہے تو وہ گھر جہنم بن جاتا ہے۔

مختصر دورانیے کی ویڈیو میں اگرچہ صبا فیصل نے بہو پرالزام لگایا تھا کہ ان جیسی خواتین گھروں کو جہنم بناتی ہیں، تاہم انہوں نے اپنی بہو کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات نہیں بتائی تھیں۔

بعد ازاں انہوں نے ایک اور ویڈیو بھی انسٹاگرام پر شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ ان کی بہو اور ان کے حوالے سے غلط باتیں نہ کی جائیں۔

دوسری ویڈیو میں انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے چار سال تک اپنے دکھ اور درد کو بیان نہیں کیا اور انہوں نے اپنی شہرت، عزت اور دولت کی قیمت چکائی۔

صبا فیصل کا کہنا تھا کہ عام لوگوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ شہرت، دولت اور عزت کمانے والے اداکاروں کی زندگی اور گھروں کی بھی ڈارک سائیڈس ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے چار سال تک بہو کا مسئلہ برداشت کرکے ایک طرح سے دولت، عزت اور شہرت کی قیمت ادا کی۔

صبا فیصل کی جانب سے بہو پر الزامات لگانے کے بعد ان کے بیٹے سلمان فیصل نے گزشتہ شب اپنی انسٹاگرام پوسٹس میں اہلیہ کی طرف داری کی تھی اور لوگوں کو کہا تھا کہ ان کی اہلیہ پر تنقید کرنا بند کی جائے۔

سلمان فیصل نے والدہ یا کسی اور کو مینشن کے بغیر لکھا تھا کہ نیہا ملک ان کے بیٹے کی ماں اور ان کی اہلیہ ہیں، لوگوں کو ان پر تنقید کرنے کے بجائے ان کی عزت کرنی چاہیے۔

بیٹے سلمان فیصل کی پوسٹس کے بعد صبا فیصل نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اپنی تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں۔

صبا فیصل نے ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے سے متعلق کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔

تبصرے (0) بند ہیں