کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مشتعل ہجوم نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تشدد کرکے ایک مشتبہ ڈاکو کو ہلاک کر دیا جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔

اورنگی ٹاؤن کے علاقے پاکستان بازار تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) احمد بھٹو نے بتایا کہ دو مشتبہ افراد نے اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر 11 میں اسلام چوک کے قریب دکان سے 20 ہزار روپے چھینے۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ جب ڈکیتی کی واردات ہو رہی تھی تو دکان کے باہر ہجوم جمع ہو گیا، اس دوران ایک مشتبہ لٹیرے نے فائرنگ کرکے موٹرسائیکل پر بھاگنے کی کوشش کی جبکہ دوسرے غیر مسلح مشتبہ شخص کو ہجوم نے دبوچ لیا اور اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

احمد بھٹو نے بتایا کہ عوام بھاگنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو بھی پکڑنے میں کامیاب رہے اور اس پر بھی تشدد کیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ دونوں مشتبہ لٹیروں کو زخمی حالت میں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پر 30 سالہ احمد سے شناخت ہونے والے ملزم کی موت کی تصدیق کر دی گئی جبکہ اس کے 22 سالہ ساتھی زبیر رؤف کو علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کر دیا گیا۔

احمد بھٹو نے بتایا کہ پولیس نے مشتبہ ڈاکوؤں کے قبضے سے ایک پستول اور موٹرسائیکل برآمد کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موٹرسائیکل حال ہی میں گلشنِ اقبال سے چھینی گئی تھی۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی واردتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

21 دسمبر کو کراچی کے علاقے کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران مشتبہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور نوجوان چل بسا تھا جبکہ پولیس مقابلے کے دوران دو مشتبہ افراد ہلاک ہوئے تھے اور اہلکار بھی جاں بحق ہوگیا تھا۔

اسی طرح کراچی کے علاقے کورنگی میں 19 دسمبر کو ایک اور ڈکیتی کے واقعے کے دوران مزاحمت پر ایک شہری زخمی ہو گیا تھا ، جس کے بعد ہجوم نے دو مشتبہ ڈاکوؤں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ان میں سے ایک ہلاک ہو گیا تھا۔

اس سے قبل 27 نومبر کو کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں مبینہ طور پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک آدمی کو ہلاک اور ان کے 2 بچوں کو زخمی کرنے پر مشتعل ہجوم نے پولیس کے پہنچنے سے قبل 2 مشتبہ لٹیروں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جو بعد ازاں دم توڑ گئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں