گوادر: حق دو تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمٰن کو گرفتار کرلیا گیا

اپ ڈیٹ 13 جنوری 2023
مولانا ہدایت الرحمٰن کو پولیس نے عدالت کے احاطے سے گرفتار کیا — فوٹو: اسمٰعیل ساسولی
مولانا ہدایت الرحمٰن کو پولیس نے عدالت کے احاطے سے گرفتار کیا — فوٹو: اسمٰعیل ساسولی
مولانا ہدایت الرحمٰن کو پولیس نے عدالت کے احاطے سے گرفتار کیا — فوٹو: اسمٰعیل ساسولی
مولانا ہدایت الرحمٰن کو پولیس نے عدالت کے احاطے سے گرفتار کیا — فوٹو: اسمٰعیل ساسولی

گزشتہ ماہ بلوچستان کے بندرگاہی شہر گوادر میں ’حق دو تحریک‘ کے 2 مہینے تک جاری رہنے والے دھرنے اور احتجاج کی قیادت کرنے والے رہنما اور جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکریٹری مولانا ہدایت الرحمٰن کو گرفتار کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پولیس نے 2 مہینے سے جاری ’حق دو تحریک‘ کے دھرنے کو ختم کرنے کے لیے رات گئے کارروائی کرتے ہوئے تحریک کے سینئر رہنماؤں سمیت درجنوں کارکنان اور مظاہرین کو گرفتار کرلیا تھا، تاہم تحریک کی قیادت کرنے والے مولانا ہدایت الرحمٰن کو اس وقت گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔

مولانا ہدایت الرحمٰن نے چند روز قبل گرفتاری دینے کا اعلان کیا تھا اور وہ آج صبح گرفتاری دینے کے لیے عدالت پہنچے جہاں پولیس نے عدالت کے احاطے سے انہیں گرفتار کرلیا۔

گوادر پولیس نے حق دو تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمٰن کے خلاف قتل، اقدام قتل، لوگوں کو تشدد پر اکسانے اور دیگر الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

بلوچستان بار کونسل کی جانب سے گرفتاری کی مذمت

دوسری جانب بلوچستان بار کونسل نے گوادر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے احاطے سے مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وکلا باڈی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حق دو تحریک‘ کے رہنما قانونی معاونت کے لیے وکلا کے ہمراہ موجود تھے اور عبوری ضمانت کے لیے عدالت کے روبرو پیش ہونا چاہتے تھے کہ گوادر کے ڈی پی او نے عدالت کے احترام کو بالائے طاق رکھتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا جو کہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے کہ وہ عدالت کے سامنے پیش ہو کر عبوری ضمانت حاصل کرے، اس لیے ڈی پی او گوادر کا یہ اقدام خلاف قانون اور عدلیہ، وکلا کی آئینی و قانونی ذمہ داریوں میں رکاوٹ پیدا کرنے کے مترادف ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گوادر میں اس سے قبل بھی انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں آئینی درخواست زیر سماعت ہے، آج کے واقعے سے ثابت ہوتا ہے گوادر پولیس لوگوں کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔

بلوچستان بار کونسل نے کہا کہ گوادر میں پولیس نے اپنا قانون اور عدالتی نظام قائم کیا ہوا ہے جس کے تحت جب وہ چاہیے لوگوں کو گرفتار کرے اور جیل میں ڈالے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گوادر ڈی پی او کی جانب سے عدالت کے احاطے سے مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کو گرفتار کرنے کے خلاف کل 14 جنوری کو بلوچستان بھر میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

بیان میں چیف سیکریٹری بلوچستان اور آئی جی پولیس سے فوری طور پر پولیس کے اقدام کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گوادر میں گزشتہ کئی ماہ سے پُرامن احتجاج جاری تھا جس میں غیر قانونی مچھلی کے شکارکو ختم کرنے سمیت پانی، بجلی اور نوکریاں فراہم کرنے کے مطالبات کیے گئے تھے۔

گزشتہ ماہ صوبائی حکومت نے ’حق دو تحریک‘ کی قیادت میں ہونے والے احتجاج میں مظاہرین سے مذاکرات کرنے کی کوشش کی تھی لیکن مظاہرے کے دوران نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے پولیس اہلکار کی ہلاکت کے بعد دسمبر کے آخر میں صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی تھی۔

پولیس اہلکار کی ہلاکت سے ایک روز قبل پولیس کے مظاہرین سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ’حق دو تحریک‘ کے مظاہرین نے پولیس کو گھیرے میں لے لیا تھا۔

جب صورتحال سنگین ہوگئی تو حکومت نے شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی جس کے تحت شہر میں پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کی گئی تھی، اسی دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا اور 100 سے زیادہ مظاہرین کو گرفتار کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں