امریکی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ شادی کے متعدد طبی فوائد ہوتے ہیں تاہم مرد اور خواتین کے درمیان ہونے والی شادی کے متعدد اور زیادہ اچھے فوائد ہوتے ہیں۔

امریکی ماہرین نے حالیہ دور میں دنیا بھر میں ہم جنس پرستی اور مخنث افراد سے شادیوں کے بڑھتے رجحان کو دیکھتے ہوئے تمام شادیوں پر تحقیق کی۔

ڈیوک یونیورسٹی کے طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق امریکی ماہرین نے شادی کے فوائد جاننے کے لیے ایک لاکھ 54 ہزار سے زائد جوڑوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔

تحقیق کے دوران ماہرین نے 2600 سے زائد ہم جنس پرست جوڑوں اور 1500 کے قریب دونوں جنسوں میں دلچسپی رکھنے والے جوڑوں سمیت مرد و خواتین جوڑوں کی شادیوں کا جائزہ لیا۔

تحقیق میں مرد و خواتین جوڑوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ تھی اور ان میں سے زیادہ تر کی شادی کو کافی سال گزر چکے تھے۔

ماہرین نے تمام رضاکاروں سے کئی سوالات کیے، جن میں ان کی صحت، سماجی حیثیت، کمائی، دولت، بچت، ذہنی سکون اور خوشی کے سوالات شامل تھے۔

ماہرین نے نتائج سے اخذ کیا کہ شادی مجموعی طور پر انسان کی جسمانی و ذہنی صحت پر اثر انداز ہوتی ہے، تاہم ہم جنس پرست اور دونوں جنسوں میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو شادی کوئی خاص فائدہ نہیں پہنچاتی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ یہاں تک متنازع جنسی رجحانات رکھنے اور ہم جنس پرستی کی جانب راغب شادی شدہ جوڑوں کی زندگی اور صحت تنہا افراد سے بھی بدتر ہوتی ہے۔

تحقیق سے معلوم ہوا کہ مرد و خواتین کے درمیان ہی شادی دلی سکون، خوشی، ذہانت اور سماج میں وقار کا سبب بنتی ہے اور اس سے کئی طرح کے جسمانی فوائد بھی ہوتے ہیں۔

نتائج سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ قدرتی طور پر مرد و خواتین کے درمیان ہونے والی شادی سے دل اور ذہن کے امراض نمایاں طور کم ہو جاتے ہیں، کیوں کہ شادی کی صورت میں ہر کسی کو ایک بہتر ساتھی میسر ہوجاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق مرد و خواتین شادی شدہ افراد میں جسمانی گرمائش بھی نمایاں کم ہوجاتی ہے، جس سے وہ جوڑوں کے درد، امراض قلب، سینے کی جلن اور کینسر جیسے امراض سے بھی دور رہتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں