وزیراعظم شہباز شریف سے آصف زرداری کی ملاقات، سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلۂ خیال

26 جنوری 2023
دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا—فوٹو: آئی این پی
دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا—فوٹو: آئی این پی

وزیر اعظم شہباز شریف نے شریک چیئرمین پیپلز پارٹی (پی پی پی) آصف زرداری اور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ملاقات کی اور ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی پیچیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے پہلے سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کی، وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس میں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، وزیر ہوا بازی سعد رفیق، وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق اور پیپلز پارٹی کے رہنما سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم حسین نے شرکت کی۔

پیپلزپارٹی ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال، معیشت اور پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات زیر بحث آئے۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے کہ آیا حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل جماعتیں دونوں صوبوں میں انتخابات لڑیں گی جوکہ آئین کے مطابق اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 3 ماہ کے اندر منعقد کرانا ہوں گے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہدایت پر 14 جنوری کو پنجاب اسمبلی تحلیل کر دی گئی تھی، جس کے بعد 18 جنوری کو خیبرپختونخوا اسمبلی بھی تحلیل کردی گئی تھی، اس اقدام کا مقصد وفاق میں حکمران اتحاد پر قبل از وقت انتخابات کرانے کے لیے دباؤ ڈالنا تھا۔

دورہ لاہور کے دوران وزیراعظم نے نئے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے بھی بالمشافہ ملاقات کی اور امن و امان برقرار رکھنے اور مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رکھنے پر زور دیا۔

محسن نقوی کا نگران وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پنجاب میں حالیہ تعیناتیاں اور تبادلے بھی ملاقات کے دوران زیر بحث آئے۔

تبصرے (0) بند ہیں