نیپال: ریپ کے الزام میں نامزد کرکٹر سندیپ لامیچانے دوبارہ ٹیم میں شامل

اپ ڈیٹ 12 فروری 2023
سندیپ لامیچانے اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا کے خلاف ورلڈ کپ لیگ کی 2 سہ رخی سیریز کھیلیں گے—فائل فوٹو: فیس بک
سندیپ لامیچانے اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا کے خلاف ورلڈ کپ لیگ کی 2 سہ رخی سیریز کھیلیں گے—فائل فوٹو: فیس بک

نیپالی کرکٹر سندیپ لامیچانے کو آئندہ ماہ انٹرنیشنل سیریز کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے جنہیں لڑکی کے ریپ کے الزامات کا سامنا ہے اور اس وقت وہ ضمانت پر ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سندیپ لامیچانے کو سیریز کے لیے منتخب کیے جانے پر نیپال میں خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم سماجی کارکنان نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور اسے کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے جنسی تشدد کو معمولی عمل بنانے کے مترادف قرار دینے کا الزام عائد کیا ہے۔

سندیپ لامیچانے پر گزشتہ برس اگست میں کٹھمنڈو کے ایک ہوٹل کے کمرے میں 17 سالہ لڑکی کا ریپ کرنے کا الزام ہے۔

نیپال کرکٹ ایسوسی ایشن کے مطابق سندیپ لامیچانے اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا کے خلاف ورلڈ کپ لیگ کی 2 سہ ملکی سیریز کھیلیں گے۔

گزشتہ ماہ نیپال کرکٹ ایسوسی ایشن نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ سندیپ لامیچانےکو ٹیم سے معطل کردیا گیا ہے تاکہ ان کے خلاف الزامات کی آزادانہ تحقیقات کی جاسکے۔

تاہم رواں ماہ کے اوائل میں نیپال کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ان کی معطلی ختم کردی گئی تھی جس کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ انہیں دوبارہ ٹیم میں شامل کرلیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں