شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک

22 فروری 2023
سیکیورٹی فورسز نے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا—فائل/فوٹو: اے ایف پی
سیکیورٹی فورسز نے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا—فائل/فوٹو: اے ایف پی

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان مین سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی جہاں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا، جو سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائی میں سرگرم تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ مقامی افراد نے سیکیورٹی فورسز کے اقدام کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے مکمل تعاون کرنے کا اظہار کیا۔

شمالی وزیرستان میں دہشت گرد کو ہلاک کرنے کا واقعہ ایک ایسے موقع پر آیا ہے جب ملک بھر میں اور خاص طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائی میں اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ برس نومبر میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے سیزفائر ختم کرنے کے اعلان کے بعد ہوا ہے۔

خیال رہے کہ 14 فروری کو ضلع شمالی وزیرستان میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی ٹیم نے خود پر حملہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے 3 فروری کو بتایا تھا کہ ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔

اس سے قبل 29 جنوری کو ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا تھا۔

اسی طرح 3 دسمبر2022 کو شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر ہلاک ہوا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف ہائی پروفائل کارروائیوں میں ملوث تھا، اس کے ساتھ وہ اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کے متعدد مقدمات میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کو انتہائی مطلوب تھا۔

قبل ازیں 30 نومبر کو بھی شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک فوجی جوان شہید ہوگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں