• KHI: Maghrib 6:35pm Isha 7:51pm
  • LHR: Maghrib 6:07pm Isha 7:28pm
  • ISB: Maghrib 6:13pm Isha 7:36pm
  • KHI: Maghrib 6:35pm Isha 7:51pm
  • LHR: Maghrib 6:07pm Isha 7:28pm
  • ISB: Maghrib 6:13pm Isha 7:36pm

حمیمہ ملک کا دو سال تک تعلقات میں رہنے کا اعتراف

شائع February 28, 2023

مقبول اداکارہ حمیمہ ملک نے اعتراف کیا ہے کہ وہ گزشتہ دو سال سے کسی کے ساتھ تعلقات میں تھیں، جس وجہ سے انہوں نے شوبز میں کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔

حمیمہ ملک کو کافی عرصے سے ٹی وی اور سینما اسکرین پر نہیں دیکھا گیا، البتہ انہیں مختلف ٹی وی شوز اور ایوارڈز میلوں میں دیکھا گیا۔

اداکارہ کی اسکرین سے دوری کی وجوہات سے متعلق کوئی خبریں سامنے نہیں آئی تھیں، تاہم اب انہوں نے خود ہی بتایا ہے کہ وہ 2021 تک اسکرین سے کسی سے تعلقات کی وجہ سے دور تھیں۔

حمیمہ ملک نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں وہ اپنی ذاتی زندگی اور بڑی محنت سے کیریئر بنانے پر بات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں اور وہ ایک سے زائد بار آبدیدہ ہوگئیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کی شادی انتہائی کم عمری یعنی 18 سال کی عمر میں ہوگئی تھی لیکن محض دو سال بعد ہی ان کی طلاق ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی پہلی فلم بول کی شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ شوٹنگ سیٹ پر انہیں طلاق کی کال آئی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ان سے کہا گیا کہ بول کی شوٹنگ چھوڑ کر آجائیں یا پھر طلاق لے لیں۔

حمیمہ ملک نے بتایا کہ اس وقت طلاق کے معاملے پر انہیں فلم ساز شعیب منصور نے بھی اچھی تجویز دی لیکن انہوں نے وہی کیا جو ان کے دل نے چاہا اور وہ فلم کی شوٹنگ چھوڑ کر نہیں گئیں اور ان کی محض 20 سال کی عمر میں پہلی طلاق ہوئی۔

اداکارہ نے پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے اپنے سابق شوہر شمعون عباسی کا نام نہیں لیا اور ان سے طلاق کو اپنی پہلی طلاق قرار دیا۔

حمیمہ ملک نے یہ بھی انکشاف کیا کہ طلاق کے بعد انہیں والدہ نے اینٹی بائیوٹک گولیاں آگمنٹن کھانے کا کہا، کیوں کہ ان کی والدہ کے خیال میں مذکورہ گولیاں طاقت اور درد کش ہیں اور اداکارہ والدہ کے کہنے پر تین ماہ تک آگمنٹن کھاتی رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ماہرہ خان نے انہیں آگمنٹن سے متعلق بتایا، جس کے بعد ہی انہوں نے مذکورہ گولیاں کھانا بند کیں۔

پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے حمیمہ ملک نے بتایا کہ انہوں نے کم عمری میں ہی بڑی محنت کی اور کیریئر اور خاندان کی زندگی بنانے کے لیے انہوں نے خود کو ہی اہمیت نہیں دی اور اپنا خیال تک نہ رکھا۔

اسی دوران اداکارہ جذباتی بھی ہوگئیں اور وہ ایک سے زائد بار آبدیدہ بھی ہوگئیں۔

حمیمہ ملک نے پروگرام میں بتایا کہ 2021 میں انہوں نے ہدایت کار انجم شہزاد کے ڈرامے کے ذریعے اسکرین پر کافی عرصے بعد واپسی کی، کیوں کہ کسی سے تعلقات کی وجہ سے وہ دو سال تک اسکرین سے دور تھیں۔

اگرچہ حمیمہ ملک نے تعلقات کی وجہ سے دو سال تک اسکرین سے دور رہنے کا اعتراف کیا، تاہم انہوں نے تعلقات سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی۔

ان کے حوالے سے 2019 میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے کاروباری شخص اکبر ڈیڈھی سے منگنی کرلی ہے اور وہ جلد رشتہ ازدواج میں بندھنے والی ہیں، تاہم بعد ازاں ان کے رشتے سے متعلق کوئی خبر سامنے نہیں آ سکی تھی۔

اب انہوں نے پوڈ کاسٹ میں کوئی وضاحت کیے بغیر اعتراف کیا کہ وہ دو سال تک کسی سے تعلقات میں تھیں جب کہ انہوں نے شمعون عباسی سے طلاق کو بھی اپنی پہلی طلاق قرار دیا۔

حمیمہ ملک نے 2010 میں اداکار شمعون عباسی سے شادی کی تھی لیکن یہ شادی صرف 2 سال ہی چل سکی تھی اور اس جوڑے نے 2012 میں اپنے راستے الگ کرلیے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 16 ستمبر 2024
کارٹون : 15 ستمبر 2024