پی ایس ایل 8: پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 35 رنز سے شکست دے دی

اپ ڈیٹ 07 مارچ 2023
پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو باآسانی 35 رنز سے شکست دے دی — فوٹو: اے ایف پی
پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو باآسانی 35 رنز سے شکست دے دی — فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچ میں پشاور زلمی نے بہترین بیٹنگ کے بعد زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی سرفہرست ٹیم لاہور قلندرز کو باآسانی 35 رنز سے شکست دے دی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور لاہور قلندرز کو ایک مشکل ہدف دیا۔

اوپنر صائم ایوب اور کپتان بابراعظم نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 107 رنز کی شان دار شراکت قائم کی۔

دونوں بلے بازوں نے بہترین شراکت کے ساتھ ساتھ نصف سنچریاں بھی بنائیں۔

صائم ایوب نے 36 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

راشد خان نے صائم ایوب کی بہترین اننگز کا خاتمہ کیا اور ان کو سیم بلنگز نے اسٹمپ کرتے ہوئے آؤٹ کیا۔

نوجوان بلے باز محمد حارث بہترین آغاز کے اس سلسلے کو جاری رکھنے میں ناکام ہوئے اور 6 گیندوں کا سامنا کر کے صرف ایک چوکے کی مدد سے 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بابراعظم نے ٹام کوہلر کیڈمور کے ساتھ ایک اچھی شراکت کی اور اس دوران اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

پشاور زلمی کی جانب سے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز بابراعظم تھے، جنہوں نے 41 گیندوں کا سامنا کرکے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔

حارث رؤف نے بابراعظم کی وکٹ حاصل کی۔

رومین پاول کو سکندر رضا نے شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ کرتے ہوئے میدان بدر کیا۔

ٹام کوہلر کیڈمور کی 36 رنز کی اننگز کا خاتمہ بھی حارث رؤف نے کیا تاہم وہ ٹیم کو 18ویں اوور میں ایک اچھی پوزیشن تک لانے میں کامیاب ہوئے تھے۔

شاہین شاہ آفریدی نے 19 ویں اوور میں زلمی کو ایک اور نقصان پہنچایا، جب حسیب اللہ خان 7 گیندوں پر 12 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔

19ویں اوور کی پانچویں گیند پر عظمت اللہ عمرزئی کو راشد خان کے ہاتھوں کیچ کرایا۔

آخری گیند پر وہاب ریاض بھی شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے اور ان کا کیچ سیم بلنگز نے لیا۔

زمان خان نے لاہور قلندرز کی جانب سے آخری اوور کیا اور اس میں انہوں نے دو وکٹیں حاصل کر کے زلمی کو مزید آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی۔

عامر جمال 5 رنز بنا سکے تھے اور ڈیوڈ ویزے کا کیچ بنے۔

زمان خان نے ارشد اقبال کو آخری اوور کی تیسری گیند پر بولڈ کرتے ہوئے زلمی کی پوری ٹیم کو پویلین بھیج دیا۔

پشاور زلمی کی ٹیم آخری اوور میں 207 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

مجیب الرحمٰن ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں۔

زمان خان، حارث رؤف اور راشد خان نے بھی دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

لاہور قلندرز نے ایک بڑے ہدف کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا اور پہلے ہی اوور میں شاہویز عرفان کھاتہ کھولے بغیر ارشد اقبال کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

فخر زمان بھی جلد ہی آؤٹ ہوئے، انہیں وہاب ریاض نے عظمت اللہ عمرزئی کے ذریعے آؤٹ کیا، ان کی 11 رنز کی اننگز میں 2 چوکے شامل تھے۔

وہاب ریاض نے چوتھے ہی اوور میں سیم بلنگز کو صفر پر آؤٹ کرکے زلمی کو مسلسل دو گیندوں پر دو وکٹیں دلائیں، جس کے نتیجے میں قلندرز کی ٹیم شدید دباؤ کا شکار ہوئی۔

عبداللہ شفیق اگلے ہی اوور میں عظمت اللہ عمر زئی کو وکٹ دے گئے، اس وقت قلندرز کا اسکور پانچویں اوور میں محض 21 رنز تھا۔

حسین طلعت اور کپتان شاہین آفریدی نے ٹیم کو مشکل حالات سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی اور 114 رنز کی شراکت میں دونوں نے نصف سنچریاں بھی بنائیں۔

شاہین شاہ آفریدی نے 36 گیندوں کا سامنا کرکے 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔

وہاب ریاض نے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو 17ویں اوور کی تیسری گیند پر آؤٹ کیا۔

سکندر رضا نے اپنی برق رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 7 گیندوں پر 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے۔

قلندرز کو ہدف کے قریب لے جانے کی کوشش کے دوران سکندر رضا کی اننگز 20 رنز تک ہی محدود رہی اور وہ عظمت اللہ عمر زئی کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 18 اوور میں 162 رنز تھا۔

حسین طلعت نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی لیکن وہ ٹیم کے لیے آخری گیند پر کھیلنے میں ناکام ہوئے تاہم انہوں نے 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے ایک خوب صورت اننگز کھیلی۔

قلندرز کی جانب سے سب سے بڑا اسکور کرنے والے حسین طلعت نے 37 گیندوں پر 63 رنز بنائے اور ارشد اقبال کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ارشد اقبال نے ایک رن کے اضافے کے بعد ڈیوڈ ویزے کو صفر پر آؤٹ کیا۔

آخری اوور کی پہلی گیند پر راشد خان 2 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔

قلندرز کی جانب سے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز زمان خان تھے جنہوں نے 4 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی پوری ٹیم آخری اوور کی چوتھی گیند پر 172 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور میچ میں 35 رنز سے شکست ہوئی۔

پشاور زلمی کے تجربہ کار باؤلر وہاب ریاض نے 17 رنز اور ارشد اقبال نے 27 رنز دے کر 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں