پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کو دی ہنڈرڈ لیگ میں پِک نہ کیے جانے پر برطانوی فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن کے بعد شعیب اختر بھی بابر اعظم کی حمایت میں بول پڑے۔

یاد رہے کہ بابر اعظم پر ایک لاکھ یوروز بولی لگانے کے باوجود انہیں مسلسل دوسرے سال بھی دی ہنڈرڈ لیگ کے ڈرافٹ میں کسی ٹیم نے شامل نہیں کیا تھا۔

گزشتہ سال بھی بابراعظم ہنڈرڈ لیگ ٹورنامنٹ سے باہر رہے تھے، گزشتہ سال ان کی ایک لاکھ 25 ہزار یوروز ریزرو بولی لگائی گئی تھی۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے ٹیل اینڈرز پوڈکاسٹ پر بات کرتے ہوئے انگلش باؤلر جیمز اینڈرسن نے کہا تھا بابرکو ہنڈرڈ لیگ میں پِک نہ کیے جانے پر حیران ہوں، میں بابر کو ٹیم میں لینے کے لیے ڈبل پیسے آفر کر دیتا اور اسے شامل کرنے کے لیے اپنا پورا بجٹ لگا دیتا۔

انگلش کرکٹر نے کہا کہ میرے خیال میں بابر کی دستیابی کا مسئلہ تھا جس کی وجہ سے وہ شامل نہیں ہوئے۔

شعیب اختر کی بھی حمایت

پاکستانی فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے ٹوئٹر پر جیمز اینڈرسن کے بیان پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بابر اعظم کی حمایت کی۔

شعیب اختر نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں جیمز اینڈرسن سے اتفاق کرتا ہوں، میں واقعی حیران ہوں کہ دنیا کے ٹی20 کے بہترین کھلاڑی کو دی ہنڈرڈ میں کیوں نہیں لیا گیا۔‘

دی ہنڈریڈ 100 گیندوں پر مشتمل ایک پیشہ ور فرنچائز کرکٹ لیگ ہے جو انگلینڈ اور ویلز میں کھیلی جاتی ہے، اس لیگ کا آغاز 2021 میں ہوا تھا۔

یہ لیگ 8 ٹیموں پر مشتمل ہے اور ہر ایک ٹیم اپنی اننگز میں 100 گیندیں کھیلتی ہے۔

دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ رواں سال یکم اگست سے 27 اگست تک جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ اس سال کے شروع میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نےبابر اعظم کو مسلسل دوسری بار ون ڈے پلیئر آف دی ایئر (2022) کے لیے نامزد کیا تھا۔

آئی سی سی نے بابر اعظم کی بطور پاکستانی کپتان کردار کی بھی تعریف کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں