بیجنگ: ہسپتال میں لگنے والی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 29 ہوگئی

اپ ڈیٹ 19 اپريل 2023
مرنے والوں میں سے 26 ہسپتال میں زیر علاج مریض تھے— فوٹو: اے ایف پی
مرنے والوں میں سے 26 ہسپتال میں زیر علاج مریض تھے— فوٹو: اے ایف پی

چین کے دارالحکومت بیجنگ کے ہسپتال میں لگنے والی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 29 ہوگئی۔

بیجنگ کے فینگتائی ڈسٹرکٹ میں واقع چینگ فینگ ہسپتال میں منگل کو دوپہر ایک بجے آگ لگی اور آدھے گھنٹے بعد اس آگ کو بجھا دیا گیا۔

ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی میئر لی زونگ رونگ نے پریس کانفرنس میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

بیجنگ پبلک سکیورٹی بیورو کے سن ہیتاؤ نے کہا کہ ہسپتال کے ڈائریکٹر سمیت 12 افراد کو آگ لگنے کے حوالے سے تحقیقات کے لیے حراست میں لیا گیا ہے اور ہسپتال کی تزئین وآرائش کرنے والی کمپنی کے نمائندوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں پتا چلا ہےکہ آگ ہسپتال میں تزئین وآرائش و تعمیراتی کام کے دوران آتشزدگی سے ہوئی۔

مرنے والوں میں 16 خواتین اور 13 مرد شامل ہیں ۔

فینگ تائی ضلعی پارٹی کمیٹی اور ضلعی حکومت کی جانب سے میں یہاں متاثرین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور متاثرین کے خاندانوں، زخمیوں اور ان کے لواحقین کا احترام کرتے ہوئے پورے شہر کے لوگوں سے معافی مانگتا ہوں۔

سی سی ٹی وی کے مطابق 29 مرنے والوں میں سے 26 ہسپتال میں زیر علاج مریض تھے، دو افراد کا تعلق ہسپتال کے عملے سے تھا جبکہ ایک مرنے والا شخص مریض کے خاندان کا تھا۔

سی سی ٹی وی نے بتایا کہ ہسپتال میں اب بھی 78 مریض زیر علاج ہیں، جنہیں مغربی عمارت میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

سرکاری سطح پر چلنے والے پیپلز ڈیلی نے اطلاع دی ہے کہ بدھ کی صبح تک 39 افراد زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج تھے اور تین کو فارغ کر دیا گیا تھا۔

بیجنگ ڈیلی کے مطابق شہر کے اعلیٰ حکام نے آگ لگنے کے فوراً بعد ہسپتال کا دورہ کیا، بیجنگ پارٹی کے سیکریٹری ین لی نے جلد حادثے کی وجہ کا پتا لگانے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا۔

چائنا یوتھ ڈیلی نے بدھ کے روز ایک رپورٹ میں کہا کہ خاندان کے بہت سے افراد کا مریضوں سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا، لاپتا ہونے والے زیادہ تر بوڑھے افراد ہیں جن کو چلنے پھرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

بدھ کو جائے وقوع پر موجود ایک پولیس افسر نے اے ایف پی کو بتایا کہ شہر متاثرین کے لواحقین کی دیکھ بھال کے لیے شاید مناسب انتظامات کرے گا۔

بیجنگ کا چینگ فینگ ہسپتال دارالحکومت کے مغربی شہری علاقے میں تیانان مین اسکوائر سے کار سے تقریباً 25 منٹ کی مسافت پر واقع ہے۔

چین میں ناقص حفاظتی معیارات اور لاپرواہی کی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

نومبر میں شمال مغربی سنکیانگ میں ایک اپارٹمنٹ میں لگنے والی آگ میں دس افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔

نومبر میں بھی وسطی چین میں ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے 38 افراد ہلاک ہو گئے تھے، حکام نے کارکنوں پر غیر قانونی ویلڈنگ کا الزام لگایا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں