معروف اداکارہ صبا قمر نے بتایا ہے کہ وہ شوٹنگ کے دوران صحت کے لیے نقصان دہ سمجھے جانے والے ڈیزل سے دھواں بنانے کی وجہ سے پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا ہوگئیں۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ہاتھ کی تصویر شیئر کی، جس میں ان کے ہاتھ میں ڈرپ لگا ہوا نظر آتا ہے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ وہ ڈراموں کی شوٹنگ کے دوران مناظر کو شوٹ کرنے کے لیے پیدا کیے جانے والے دھوے کی وجہ سے بیمار پڑ گئیں۔

صبا قمر کا کہنا تھا کہ شوٹنگ کے دوران ٹیم دھواں پیدا کرنے کے لیے ڈیزل کا استعمال کرتی ہے جو صحت کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔

اداکارہ کے مطابق ڈیزل سے پیدا کیے جانے والے دھوے کے نقصان سے متعلق ان سے بہتر اور کوئی نہیں جانتا اور انہوں نے متعدد بار ٹیم کو کہا ہے کہ دھواں پیدا کرنے کے لیے ڈیزل کا استعمال نہ کیا جائے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ نے لکھا کہ انہوں نے اس سے قبل اپنی صحت سے متعلق اتنا برا کبھی نہیں سوچا اور نہ وقت دیکھا۔

اداکارہ نے تصدیق کی کہ وہ کچھ دن سے پھیپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا ہیں، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کا علاج ہسپتال میں جاری ہے یا پھر وہ گھر پر ہی ہیں لیکن ان کے ہاتھ میں ڈرپ کو لگا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکارہ کی جانب سے پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا ہونے کی خبر شیئر کیے جانے کے بعد ان کے ساتھی اداکار اور مداح پریشان دکھائی دیے اور انہوں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں بھی کیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ان کی اسٹوری کو فلم ساز اور ہدایت کار سرمد کھوسٹ نے شیئر کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی اور انہوں نے بھی سوال اٹھایا کہ آخر شوٹنگ کے دوران دھواں کیوں پیدا کیا جاتا ہے؟

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر کچھ تخلیقی مناظر کو شوٹ کرنے کے لیے دھوے کا ہونا اتنا ہی ضروری ہے تو اس کا متبادل تلاش کیا جائے اور کسی کی صحت کو داؤ پر نہ لگایا جائے۔

یہ واضح نہیں کہ صبا قمر کو کون سے ڈرامے یا فلم کی شوٹنگ کے دوران دھوے کی وجہ سے پھیپھڑوں میں انفیکشن ہوا۔

عام طور پر رومانوی، خوفناک، افسردہ اور صوفیت کے پس منظر میں بنائے جانے والے ڈراموں، گانوں اور فلموں کے مناظر میں دھوے کو دکھایا جاتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں