پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو 9 مئی کو گرفتار کیے جانے کے بعد تاحال ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جس پر دیگر افراد کی طرح شوبز شخصیات بھی پریشان ہیں اور انہوں نے ملک کے کشیدہ حالات پر اظہار افسوس کیا ہے۔

ماڈل و اداکارہ حرا ترین نے احتجاج کے نام پر ملک بھر میں کی جانے والی توڑ پھوڑ پر سخت اظہار افسوس کرتے ہوئے ایسے واقعات کو ناقابل برداشت قرار دیا اور اپنی اسٹوری میں لکھا کہ احتجاج کے نام پر دہشت گردی پھیلانے والے افراد کی حمایت بند کی جانی چاہیے۔

حرا ترین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں احتجاج کے نام پر ملک بھر میں کی جانے والی توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی مذمت کرتے ہوئے ایسے واقعات میں ملوث افراد کو موقع پرست قرار دیا۔

اداکارہ نے اپنی ایک اسٹوری میں لکھاکہ پر امن احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن احتجاج کے نام پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سے بے یقینی کی صورت حال پیدا ہوتی ہے اور لوگ پریشان کن احساسات کا شکار بن جاتے ہیں۔

انہوں نے ایک اور اسٹوری میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ احتجاج کے نام پر دہشت گردی پھیلانے والے افراد کی حمایت کرنا بند کردیں، کیوں کہ ان کی وجہ سے ہی آج اسکول بند ہیں اور بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔

اداکارہ نے ایک اور اسٹوری میں لکھا کہ انہیں یقین نہیں آرہا کہ احتجاج کے دوران ایدھی ایمبولینسز کو بھی آگ لگادی گئی؟

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

حرا ترین نے عوام کو احتجاج کے نام پر شرپسندی پھیلانے والوں اور توڑ پھوڑ کرنے والے افراد سے بچنے کا مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ لوگ اہل خانہ کا بھی خیال رکھیں۔

انہوں نے اپنی اسٹوری میں کسی بھی سیاسی پارٹی کا نام لکھے بغیر لکھا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا کہ احتجاج کرنے والے لوگ کسی سیاسی جماعت کے وفادار ہیں، کیوں کہ انہیں ایسا لگتا ہے کہ درحقیقت وہ لوگ موقع پرست ہیں جو ملک کی موجودہ صورت حال کے دوران لوٹ مار کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

حرا ترین نے اپنی اسٹوریز میں لوگوں کو اپنی اور اہل خانہ کی حفاطت یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہوئے ملک اور قوم کی سلامتی کی دعا بھی کی۔

حرا ترین سمیت دیگر چند شوبز شخصیات نے بھی عمران خان کی گرفتاری کے بعد شروع ہونے والے مطاہروں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ املاک اور انسانوں کو نقصان نہ پہنچائیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

تحریک انصاف کے چیئرمین کی 9 مئی کو گرفتاری کے فوراً بعد ملک بھر میں پارٹی کارکنوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی، فوج کی املاک اور تنصیبات پر حملہ کیا گیا، سرکاری عمارتوں میں آگ بھی لگائی گئی، اس دوران 8 افراد جاں بحق اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

ملک میں افراتفری جیسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے شوبز شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا اور عمران خان کو گرفتار کرنے پر سیخ پا دکھائی دیے۔

—فائل فوٹو: رائٹرز
—فائل فوٹو: رائٹرز

تبصرے (0) بند ہیں