ملک بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروسز معطل ہونے کے باعث آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی کریم نے کراچی کے شہریوں کے لیے عارضی طور پر ’مینوئل بکنگ سروس‘ کا آغاز کر دیا۔

کریم رائڈنگ سروس کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق کمپنی کی طرف سے کراچی میں مینوئل بکنگ سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے جو کہ ٹیکسٹ میسیج، واٹس ایپ اور فون کال پر بھی کی جا سکے گی۔

مینوئل بکنگ سروس ہسپتالوں، ہوائی اڈوں اور تعلیمی اداروں سمیت اہم نقل و حرکت کے لیے استعمال کی جائے گی۔

خیال رہے کہ کریم سروس کی طرف سے ایسی پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں شروع ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے پیش نظر وزارت داخلہ کے احکامات پر پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی طرف سے 10 مئی کو ملک میں موبائل انٹرنیٹ سروسز غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

حکومت کی طرف سے انٹرنیٹ سروسز معطل کرنے کی وجہ سے تمام آن لائن آپریشنز اور سروسز کو خلل اور رکاوٹوں کا سامنا رہا۔

کمپنی کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق مینوئل رائڈ بکنگ کی سروسز صرف کراچی کے صارفین کے لیے ہیں۔

کمپنی نے مینوئل بکنگ کے لیے سہولیات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سواری کے لیے صارفین کو 90 منٹ پہلے بکنگ کرانی ہوگی اور نیچے دیے گئے نمبروں پر ٹیکسٹ میسیج، فون کال یا واٹس ایپ پر رابطہ کرنا ہوگا۔

کمپنی کی طرف سے مینوئل رابطے کے لیے درج ذیل نمبر دیے گئے ہیں:

03012442739، 03203581584، 03263703258

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ بکنگ کرانے کے لیے صارفین کی طرف سے ڈراپ آف لوکیشن، پک اپ لوکیشن اور رجسٹرڈ نام اور فون نمبر جیسی تفصیلات شامل ہونی چاہئیں جس پر صارفین کا کریم اکاؤنٹ موجود ہو۔

مینوئل بکنگ سروس کیش پر مبنی ہوگی جو کہ محدود مدت کی سروس ہے جب تک کہ موبائل انٹرنیٹ سروس دوبارہ شروع نہ ہو جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں