• KHI: Maghrib 6:34pm Isha 7:50pm
  • LHR: Maghrib 6:06pm Isha 7:27pm
  • ISB: Maghrib 6:11pm Isha 7:35pm
  • KHI: Maghrib 6:34pm Isha 7:50pm
  • LHR: Maghrib 6:06pm Isha 7:27pm
  • ISB: Maghrib 6:11pm Isha 7:35pm

کانز فلم فیسٹیول کے لیے پاکستانی فلم ’ان فلیمز‘ منتخب

شائع May 18, 2023
— پرومو فوٹو
— پرومو فوٹو

دنیا کے قدیم ترین اور بڑے فلمی میلوں میں سے ایک ’کانز فلم فیسٹیول‘ کے 76ویں سالانہ میلے کے لیے کینیڈین نژاد پاکستانی پروڈیوسر کی اردو فلم ’ان فلیمز‘ کو نمائش کے لیے منتخب کرلیا گیا۔

شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ کے مطابق کینیڈین نژاد پاکستانی فلم ساز ضرار خان کی ہدایات کردہ فلم ’ان فلیمز‘ کو کانز فیسٹیول میں 19 اور 20 مئی کو ’ڈائریکٹرز فورٹ نائٹ میں پیش کیا جائے گا، جہاں ہدایت کاروں کی پسندیدہ فلموں کی خصوصی نمائش کی جاتی ہے۔

’ان فلیمز‘ کی کہانی ماں اور بیٹی کے گرد گھومتی ہے جو گھر کے مرد سرپرست کی موت کے بعد زندگی کو آگے بڑھانے کے دوران مشکلات اور مسائل کا سامنا کرتی ہیں۔

فلم میں کوئی بھی گلیمر یا گانا موجود نہیں، اس کی کہانی انتہائی سادہ مگر آرٹ سے بھرپور رکھی گئی ہے جو دیکھنے والوں کو اپنے ساتھ جڑے رہنے پر مجبور کرتی ہے۔

فلم کی کہانی بھی ضرار خان نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہیں، فلم کی مکمل شوٹنگ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہوئی اور اس کی کاسٹ میں شامل زیادہ اداکار بھی سندھ سے تعلق رکھتے ہیں۔

فلم کی مرکزی اداکارہ بختاور مظہر پلیجو ہیں جو کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر اور سابق وزیر ثقافت سندھ سسی پلیجو کی بہن ہیں۔

’ان فلیمز‘ فلم کے آفیشل انسٹاگرام پیج کی پوسٹ میں بتایا گیا کہ فلم کو 19 اور 20 مئی کو کانز فلم میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

’ان فلیمز‘ کو تاحال پاکستان سمیت کسی دوسرے ملک میں بڑے پردے پر ریلیز نہیں کیا گیا، تاہم اسے فلم فیسٹیول میں پیش کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

کانز فلم فیسٹیول کے 76 ویں میلے میں یہ مسلسل دوسری فلم ہے جس کے مرکزی اداکاروں کا تعلق سندھ سے ہے۔

گزشتہ برس 75ویں فلم فیسٹیول میں پیش کی گئی پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کے مرکزی اداکار علی جونیجو کا تعلق بھی سندھ سے تھا اور وہ پہلے سندھی اداکار تھے، جن کی فلم کو دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے میں پیش کیا گیا تھا۔

اس سال بختاور مظہر پلیجو پہلی سندھی اداکارہ بن گئیں جن کی فلم کو کانز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

اگرچہ جوائے لینڈ اور ان فلیمز سے قبل بھی کانز فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلموں کو پیش کیا جا چکا ہے، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ میلے میں سندھ کے چھوٹے شہر ٹھٹہ سے تعلق رکھنے والی اداکارہ کی فلم کو منتخب کیا گیا۔

’انڈیپینڈنٹ اردو‘ کے مطابق بختار مظہر پلیجو سینیٹر سسی پلیجو کی بہن ہیں، جنہوں نے کراچی اور لندن سے تعلق حاصل کرنے کے لیے ’نیشنل پرفارمنگ آرٹ‘ (ناپا) سے تھیٹر اور فلم کی تعلیم حاصل کی۔

بختاور مظہر پلیجو تھیٹرز اور آرٹ فلموں میں کام کرتی رہی ہیں، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ ان کی فلم کو کانز فیسٹیول میں پیش کیا جا رہا ہے۔

اداکارہ نے کانز فلم فیسٹیول میں اپنی فلم کی نمائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا کے قدیم ترین فلمی میلے میں ان کی فلم کو پیش کیے جانے پر ان کے اہل خانہ بھی بہت خوش ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 17 ستمبر 2024
کارٹون : 16 ستمبر 2024